• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کانز میلے کی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم جوائے لینڈ 24 نومبر کو ریلیز ہوگی

کانز فلمی میلے میں جیوری ایوارڈ جیتنے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فلم ”جوائے لینڈ“ 24 نومبر کو پاکستانی سنیماؤں کی زینت بنے گی۔

وفاقی و صوبائی سنسر بورڈز نے ”جوائے لینڈ“ کو ریلیز کیلئے سرٹیفکیٹ جاری کردیا، جسے ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیا جا رہا ہے۔

فرانس کے کانز فلمی میلے میں جیوری ایوارڈ اور آسٹریلیا کے انڈین فلم فیسٹول آف میلبورن میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فلم ”جوائے لینڈ“ کو پاکستانی سنیماؤں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور مذکورہ فلم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد رواں برس 24 نومبر کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سنیماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

”جوائے لینڈ“ کا پریمیئر رواں برس فرانس میں منعقدہ کانز فلمی میلے میں ہوا جہاں اسے شاندار پذیرائی اور کامیابی سے نوازا گیا اور فلم نے کانز میلے میں دو اعزازات ”جیوری ایوارڈ“ اور”کویر پام“ حاصل کیے۔

دنیا بھر سے آنے و الے فلم میکرز اور فلمی نقادوں نے ”جوائے لینڈ“ کو داد و تحسین سے نوازا جس کے بعد جوائے لینڈ نے آسٹریلیا کے انڈین فلم فیسٹول میں بھی بہترین فلم کا اعزاز اپنا نام کیا۔

صائم صادق کے زیر ہدایت بننے والی جوائے لینڈ ایک فکشن کہانی پر مبنی ہے جس میں ٹرانس جینڈرز کی زندگی میں پیش آنے والے واقعات کو فکر انگیز انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں علی جونیجو، راستی فاروق، علینہ خان اور ثروت گیلانی شامل ہیں۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈسٹری بیوشن کلب شیخ عابد رشید نے بتایا کہ ”جوائے لینڈ“ کو ملک بھر کے سنیماؤں میں نمائش کیلئے وفاق، پنجاب اور سندھ کے سنسر بورڈز نے ایک دو کٹ کے ساتھ سرٹیفکیٹس جاری کردیے ہیں اور اب فلم کو ریلیز کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

”جوائے لینڈ“ کے پروڈیوسرز میں شامل ورسٹائل فنکار سرمد سلطان کھوسٹ نے بتایا کہ ”جوائے لینڈ“ ایک دلچسپ کہانی پر مبنی فلم ہے جس نے اپنے حساس موضوع کے باعث دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ کچھ دنوں میں ”جوائے لینڈ“ کا ٹیزر اور ٹریلر ریلیز کر کے باقاعدہ پروموشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید