سٹیفورڈ/ راچڈیل (مریم فیصل/ہارون مرزا) برطانوی حکومت نے اگلے ماہ مہنگے انرجی بلز میں کمی کے لئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان برطانیہ میں کاروباروں کے لئے کیا گیا ہے، اسکیم چھ ماہ کے لئے کمپنیوں کے گیس اور بجلی کے بلز کو فکس کردے گی یعنی اس اسکیم کی بدولت اگلے چھ ماہ تک کاروباری اداروں کو اس بات کی فکر نہیں ہوگی کہ سردی کے موسم میں ان کے گیس اور بجلی کے بلز ان کے منافع سے زیادہ نہیں آئے، اس اسکیم سے اسکولوں ، اسپتالوں اور چیریٹیز کو بھی مدد ملے گی ،اس اسکیم سے تمام ایسے غیر گھریلو صارف جو کسی کاروبار سے وابستہ ہیں، کو فراہم کی جانے والی گیس اور بجلی کی ہول سیل قیمت کو فکس کیا جانے کا امکان ہے یعنی ایسے صار ف کے لئے بجلی 211پونڈ فی میگا واٹ اور گیس75پونڈ فی میگا واٹ فی گھنٹہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے ۔ اس اسکیم سے مستفید ہونے کے لئے کمپنیوں کو اپنے انرجی سپلائر سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہ ڈسکائونٹ اکتوبر کے مہینے سے خودبخود ان کے بلز میں شامل ہو جائے گا لیکن انھیں یہ ڈسکائونٹ نومبر میں وصول ہوگا ۔ وزیر اعظم لز ٹرس کا کہنا ہے کہ ہمیں اندازہ ہے کہ توانائی کے بلز کی وجہ سے کاروباروں کو بہت زیادہ دبائو کا سامنا ہے، اس لئے ہماری یہ اسکیم ان کو سکون دے گی اور انرجی بلز میں خاطر خواہ کمی بھی لائے گی ، یہ اسکیم انگلینڈ ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز کے غیرگھریلو انرجی صارفین کے لئے ہے، اس اسکیم کا جائزہ ہر تین ماہ بعد لیا جائے گا، اس آپشن کے ساتھ کہ زیادہ ضرورت مند کاروباری اداروں کیلئے مدد کو کس حد بڑھایا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سب سے زیادہ کمزور کاروبار جیسے پب، دکانوں وغیرہ کی سپورٹ جاری رکھیں گے، ابتدائی اسکیم اکتوبر کی پہلی تاریخ سے لاگو ہو گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کاروباروں کو موسم سرما میں یہ تحفظ حاصل ہوان منصوبوں پر ہسپتال کے شعبے میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے کیٹ نکولس، ٹریڈ باڈی یوکے ہاسپیلٹی کی چیف ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ یہ مداخلت بے مثال ہے اور یہ انتہائی خوش آئند ہے کہ حکومت نے غیر یقینی موسم سرما کا سامنا کرنے والے مہمان نوازی کے کاروبار پر توجہ دینے کا فیصلہ کیا اس کی جامعیت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ دوسری طرف چانسلر نے کہا ہے کہ ہم نے کاروبار کو تباہ ہونے سے روکنے، ملازمتوں کے تحفظ اور افراط زر کو محدود کرنے کیلئے قدم اٹھایا ہے گھریلو توانائی کی سپلائی کو فروغ دینے کے اپنے منصوبوں کے ساتھ ہم اس شعبے میں سیکورٹی، معیشت میں ترقی اور صارفین کیلئے بہتر ڈیل کو محفوظ بنائیں گے ۔واضح رہے کہ گیس اور بجلی کی موجودہ قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں،اس اسکیم میں گھرانوں کے لیے انرجی پرائس گارنٹی کی طرح صارفین کو سپورٹ تک رسائی کے لیے کارروائی کرنے یا اسکیم کیلئے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔