• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

12 سالہ ٹینس کھلاڑی ہانیہ منہاس نے تین اعزاز اپنے نام کرلیے

پاکستان کی 12 سالہ ٹینس کھلاڑی ہانیہ منہاس نے نیویارک میں حال ہی میں منعقدہLittle Mo Internationalsمیں گرلزسنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز میں کامیابی حاصل کی۔ گرلز سنگلز میں ہانیہ نے جولیانا کاسٹیلانوس ٹروجیلو کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1، 6-1 سے شکست دی۔ اس کے بعد اس نے جولیانا کے ساتھ گرلز 12 ڈبلز کے لیے ٹیم بنائی، جہاں انہوں نے فائنل میں نیلا گلواکا اور جنیتا فائلز کو8۔3 سے شکست دی۔ تھامس او نیل اور ہانیہ نے مکسڈ ڈبلز کے لیے فائنل میں ایشان یادلاپلی اور الزبتھ سبائیو کو8۔5 سے شکست دی۔

ہانیہ نے کہا کہ،”یہ ٹرافیاں بہت معنی رکھتی ہیں اور میں اپنابہترین کھیل جاری رکھنا چاہتی ہوں۔“

پچھلے آٹھ ماہ میں ہانیہ منہاس نے مجموعی طور پر 8 گولڈ میڈل، 1 سلور اور 1 کانسی کا تمغہ جیتا ہے، جس سے وہ ایشین ٹینس چیمپئن شپ میں گرلز کیٹگری میں پاکستان کی کم عمر ، جبکہ لڑکوں اور لڑکیوں ، دونوںکیٹگریز میں سب سے زیادہ رینک والی ٹینس کھلاڑی بن گئی ہیں۔2021 میں ہانیہ منہاس نے یونان میں آئی ایم جی فیوچر اسٹارز میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔

بارڈ فاؤنڈیشن کے بانی عبدالرزاق داؤد، جنہوں نے ہانیہ کو نو سال کی عمر سے اسپانسر کیا تھا، انہوں نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ”ہانیہ کا جوش، جذبہ اور نظم و ضبط ایک دن اسے عالمی معیار کی ٹینس کھلاڑی بنائے گا۔ میں اس کے ٹیلنٹ کو دیکھ کر بہت خوش ہوں ۔“