• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب پر آج کشمیری احتجاج کریں گے

مانچسٹر(غلام مصطفی مغل) برطانیہ، یورپ اور پوری دنیا میں بسنےوالے کشمیری آج 24ستمبر کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ میں خطاب کے موقع پر شدید احتجاج کریں گے اور عالمی برادری کو بھارت کے مذموم عزائم اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارتی ہندوتوا سوچ کے بارے میں آگاہ کریں گے اور اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے۔ پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو بتائیں گے کہ اقوام متحدہ میں بھارت کے دہشت گرد وزیر اعظم کو کیوں بلایا جاتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کا قاتل ہے، تمام کشمیریوں اور بھارت میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا قاتل ھے۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین نے راجہ مقصود حسین کاکڑوی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے عالمی یوم امن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری شدید غم و غصہ میں مبتلا ہو چکے ھیں اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بھارت کے دہشت گرد وزیراعظم کو اقوام متحدہ میں تقریر کرتے سے روکا جائے۔ بھارتی وزیراعظم انسانیت کا دشمن ہے،عالمی امن کا دشمن ہے اور بھارت میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا قاتل اور دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف پوری دنیا میں سراپا احتجاج ہیں اور پوری دنیا میں بسنےوالے کشمیری اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت چاہتے ہیں اور ریاست جموں و کشمیر کو مکمل طور پر آزاد کروا کے تکمیل پاکستان کرنے کے لیے میدان عمل میں سر گرم ہیں۔ طارق وزیر قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ مانچسٹر نے اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے تمام پاکستانی متحد ہو کر برطانیہ کی معاشی ترقی اور دیگر شعبوں میں اپنا نام پیدا کریں اور پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ برطانیہ میں مقیم تمام پاکستانی برطانیہ کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی نمایاں خدمات ادا کر رہے ہیں اور پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا بھرپور عملی کردار ادا کریں اور پاکستان کی معاشی خوشحالی اور ترقی کے لیے بھی اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔ کونسلر یاسمین ڈار ممبر نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی لیبر پارٹی برطانیہ، کونسلر نائلہ شریف چیئرپرسن JKSDMI نارتھ آف انگلینڈ، فرزانہ افضل و دیگر خواتین نے کہا کہ وہ برطانیہ میں مستقل سکونت کے باوجود جہاں برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں وہیں وہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنے بھرپور عملی کردار کو ہمیشہ سے ھی یقینی بناتی چلی آ رہی ہیں۔ خواتین نے کہا کہ عالمی یوم امن کے موقع پر عالمی برادری سے اپیل ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کروائیں اور اس سلسلہ میں جتنی بھی تاخیر ہوتی رہیے گی اتنا ھی بھارت کشمیری قوم کا قتل عام کرتا رہے گا اور کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جمانے رکھے گا۔ عالمی امن کو برقرار رکھنے کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حل کروانے کے لیے عالمی برادری بیدار ہو جائے اور بھارتی جنگی جنون، بھارتی ہندوتوا سوچ اور بھارت کے جارحانہ عزائم کو فوری طور پر ختم کروانے کے لیے اپنا عالمی اثرو رسوخ استعمال کرے۔ دیگر شرکاء میں سابق میئر اولڈھم کونسلر شعیب اختر، چوہدری محمد بشیر روٹی سابق صدر مسلم کانفرنس برطانیہ، چوہدری محمد ذوالفقار، سابق تحصیل ناظم راولپنڈی ساجد خان، ڈپٹی لارڈ مئیر مانچسٹر کونسلر عقیل سلامت، کونسلر محمد الیاس، قاری شفیق الرحمن اور نارتھ آف انگلینڈ کی مختلف اہم شخصیات شامل تھے۔

یورپ سے سے مزید