• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے مزید مکانات مسمار کر دیئے

مقبوضہ بیت المقدس (نیوز ڈیسک) اسرائیلی قابض فوج نے فلسطینیوں کے مزیدمکانات مسمار کرکے مکینوں کو بے گھر کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق مسماری کے یہ واقعات مغربی کنارے کے مشرقی علاقے عین سامیہ میں پیش آئے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق قابض فوج اور اسرائیلی اتھارٹی نے عین سامیہ میں گھروں پر اچانک دھاوا بول دیا اور گھروں کو مسمار کرکے انہیں بے گھر کر دیا۔ بے گھر ہونے والے افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے اوچھا کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 30اگست سے 4ستمبر تک اسرائیلی قابض فوج اور اتھارٹی نے مختلف جگہوں پر مسماری کی کارروائیاں کر کے 44رہائش گاہیں تباہ کیں۔ ان میں مغربی کنارے اور بیت المقدس سرفہرست ہیں۔ دوسری جانب مسجد الاقصیٰ کی دیوار براق پر آبادکاروں کے دھاوے اور نام نہاد رسومات کی ادائیگی پر فلسطینیوں نے سخت احتجاج کیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کی سرکردہ فلسطینی شخصیات نے مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار کو یہودیانے اور اسے آباد کاروں کی رسومات اور عبادات کے لیے مختص کرنے کی کوششوں پر خبردار کیا۔ ادھر مسجد اقصیٰ کے امام و خطیب شیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ قابض عدالت کا باب رحمت قبرستان پر کوئی اختیار نہیں ہے اور آباد کاروں کو وہاں آنے کی اجازت دینے کا فیصلہ قبلہ اول اور قبرستان کے تقدس کی خلاف ورزی ہے۔
یورپ سے سے مزید