قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کراچی میں ہونے والی پاک انگلینڈ سیریز کے برابر ہونے کے بعد شہر لاہور پر نظریں جمالی ہیں۔
بابر اعظم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی ٹیم کی جانب سے جیت کی خوشی منانے کی دو تصویریں ٹوئٹ کی ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ کراچی ناقابل یقین تھا، لاہور اب آپ کے پاس آ رہے ہیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم (ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ) کے نائب کپتان شاداب خان کا میچ سے متعلق ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ باہر بیٹھ کر میچ دیکھنا زیادہ مشکل ہے، میرا دل بند ہو جانا تھا آج، کیا کمال کا میچ تھا؟
انہوں نے مزید لکھا کہ آصف علی کے چھکے، حسنین کا نیا بول اسپن، افتخار احمد بھائی کی آف اسپن، محمد نواز کا جِگرا، محمد وسیم جونیئر کا عزم اور حارث رؤف سے تو پیار ہو گیا، مکمل ٹیم کی کوشش تھی، پاکستان زندہ باد۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک انگلینڈ سیریز کے سلسلے میں ہونے والے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران حارث رؤف کی بولنگ تباہ کن رہی۔
پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 163 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔