• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان، فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، گر کر تباہ، 2 میجر سمیت 6 اہلکار شہید، پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے، وزیر اعظم

راولپنڈی(ایجنسیاں)پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 جوان شہید ہو گئےجن کی نماز جنازہ پیر کوکوئٹہ گیریژن بلوچستان میں ادا کردی گئی۔

شہداء کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیئے گئے جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین ہوگی ۔صدر‘وزیراعظم سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے فوجی افسران و جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہےجبکہ شہداءکے ایصال ثواب کیلئے سینیٹ میں بھی فاتحہ خوانی کرائی گئی۔

وزیراعظم شہبازنے کہاکہ قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے ‘پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں شریک ہے جبکہ صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعاکی ہے۔

 صدر مملکت نےشہداءکوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثہ میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں پر تمام قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر اتوارکی شب بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔

حادثے میں شہیدوں ہونے والوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں، دیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔

میجر خرم شہزاد کی عمر 39 سالہ تھی اور ان کا تعلق اٹک سے تھا، انہوں نے سوگواروں میں بیوی اور ایک بیٹی چھوڑی ہے، شہدا میں شامل میجر محمد منیب افضل کی عمر 30 سال تھی، ان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ انہوں نے ورثا میں دو بیٹے چھوڑے ہیں۔ افسوسناک حادثے میں شہید صوبیدار عبدالواحد کی عمر 44 سال تھی، وہ کرک کے گاؤں صابر آباد کے رہائشی تھے، ان کے 3بیٹے اور ایک بیٹی سمیت 4بچے ہیں۔

شہید محمد عمران کی عمر 27سال تھی، وہ مخدوم پور خانیوال کے رہائشی تھے، وہ 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔شہید نائیک جلیل کی عمر 30سال تھی، وہ ضلع گجرات کے رہائشی تھے، ان کے 2بچے ہیں، شہید سپاہی شعیب کی عمر 35 سال تھی اور وہ ضلع اٹک کے رہائشی تھے۔

اہم خبریں سے مزید