• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایزی جیٹ نے 2050 تک کاربن کا اخراج بالکل ختم کرنے کا اعلان کر دیا

لندن (پی اے) ایزی جیٹ نے گزشتہ روز ایک بیان میں اپنی مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایزی جیٹ نئے طیارے خریدے گا، طیاروں کو صاف رکھنے کیلئے مزید سرمایہ کاری کرے گا اور 2050 تک کاربن کا اخراج بالکل ختم کردیا جائے گا۔ اس حکمت عملی میں فیول کی بچت اور ہائیڈروجن سے چلنے والے طیاروں کی خریداری شامل ہے۔ ائر لائن پائیدار ایوی ایشن فیول اور کاربن نکال دینے والی ٹیکنالوجی استعمال کرے گی۔ ایزی جیٹ کے چیف ایگزیکٹو جوہن نے دعویٰ کیاکہ ہماری پہلی ائر لائن ہے، جس نے کاربن کے اخراج کو ختم کرنے کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لیکن اس منصوبے کوعملی جامہ پہنانے کیلئے ہمیں برطانیہ اور یورپی ممالک کی حکومت کی مدد درکار ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکمت عملی کا اعلان کردیا ہے اور اب اس کرہ ارض کی اگلی نسل کے مفاد کے تحت حکومت کو اس حکمت عملی پر عملدرآمد میں ہماری مدد کرنا چاہئے۔ ایزی جیٹ نے اعلان کیا کہ اگلے برسوں کے دوران ادارہ نئے طیاروں کی خریداری پر 21 بلین پونڈ خرچ کرے گا، نئی حکمت عملی کے تحت پرانے طیاروں کو 168 نئی ائر بسوں کے ذریعہ تبدیل کردیا جائے گا۔ ائر لائن نے سافٹ ویئر کے شعبے میں بھی کئی لاکھ پونڈ کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔ ائر لائن کے سربراہ نے کہا کہ ہماری پارٹنر رولز رائس تیار کرنے والی کمپنی ہائیڈروجن سے چلنے والے پہلے جیٹ انجن کے گرائونڈ ٹیسٹ کیلئے پوری تیاری کرچکی ہے۔ انھوں بتایا کہ اب ادارے کے طیاروں میں روایتی ایندھن کے بجائے SAF استعمال کیا جائے گا، جس سے طیارے سے کاربن کے اخراج میں کمی میں مدد ملے گی۔ ایزی جیٹ کے سربراہ نے کہا کہ سائنسی بنیادوں پر کئے جانے والے اقدامات سے سائنس کی بنیاد پر ٹارگٹ مقرر کرنے کی اچھی روایت جنم لے گی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ SBTi نے ان کے قبل ازیں 2035 تک کاربن کے اخراج میں 35 فیصد تک کمی کے بارے میں ان کے دعوے کی تصدیق کی ہے۔
یورپ سے سے مزید