کراچی (ٹی وی رپورٹ) ملک کے ممتاز تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ عمران خان کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں تقریر کرنے کی اجازت ملنا بالکل درست ہے‘ سیاست طالب علموں کیلئے شجر ممنوعہ نہیں ہونی چاہئے‘جی سی یونیورسٹی کو اچانک کیسے یاد آگیا کہ طلبہ کو سیاسی آگاہی دینے کی ضرورت ہے‘ عدالتوں کے مجرم اور مفرور کو سپریم کورٹ بار سے خطاب کی دعوت دینا کیا آزادیٴ اظہار رائے تھا؟ان خیالات کا اظہار مظہرعباس ‘ ارشاد بھٹی ‘حفیظ اللہ نیازی اور ریماعمر نے جیونیوز کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔میزبان سارہ الیاس کے پہلے سوال کیا عمران خان کو یونیورسٹی میں جلسہ کرنے کی اجازت ملنا درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ عمران خان کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں تقریر کرنے کی اجازت ملنا بالکل درست ہے، پاکستانی سیاست میں خرابی کی بڑی وجہ 1984ء میں اسٹوڈنٹس یونینز پر پابندی ہے،پاکستان میں بہت بڑے سیاستدان اسٹوڈنٹس یونینز سے آئے ہیں، مریم نواز یونیورسٹی میں عمران خان کی تقریر کیخلاف بات کرنے سے پہلے خواجہ سعد رفیق سمیت ن لیگ کے ان رہنماؤں سے پوچھ لیتیں جو اسٹوڈنٹس یونینز کی سیاست سے ابھر کر آئے ہیں ۔