• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان ’’ایان‘‘ سے برطانیہ کو بھی خطرہ، طوفانی بارشیں ہوں گی

راچڈیل (ہارون مرزا) امریکی شہر فلوریڈا میں تباہی مچانے والا ’’ایان‘‘ طوفان اب برطانیہ سے ٹکرائے گا۔ ملک کا بیشتر حصہ طوفانی بارشوں اور 70میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں کی زد میں آنے کی توقع کی جا رہی ہے، سمندری طوفان ایان کے اثرات کو اس وقت واضح طور پر محسوس کیا جا رہا ہے ،گزشتہ روز سکاٹ لینڈ میں 94میل فی گھنٹے کی رفتار سے آندھی ریکارڈ کی گئی، گرم ہوائیں شمال کی طرف اپنا دبائو بنارہی ہیں، ماہرین کے مطابق اس صورتحال میں شمالی اسکاٹ لینڈ میں سب سے زیادہ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے جہاں پیلے رنگ کی موسمی وارننگ دی جا چکی ہے ،میٹ آفس کی رپورٹ کے مطابق برطانوی شہریوں نے اونچی چوٹیوں پر موسمی خرابی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے، ہائی لینڈز میں کیرن گورم کی 4084فٹ اونچی چوٹی پر 94میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کا جھونکا ریکارڈ کیا گیا،چیف میٹرولوجسٹ پال گنڈرسن نے کہا کہ تیز ہواؤں اور تیز بارش کا سلسلہ دن بھر جنوب مشرق کی طرف جاری رہے گاسب سے تیز ہوائیں شمالی اسکاٹ لینڈ میں چلنے کا امکان ہے، ساحلی حصوں میں 65سے 70 میل فی گھنٹہ اور شمالی جزائر کے ارد گرد شاید 75 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا ایک بینڈ ملک کے بہت سے علاقوں کو متاثر کرے گا،تاہم اسکاٹ لینڈ کے مغربی حصوں میں ایک یا دو مقامات پر 40ملی میٹر تک بارش ہونے کی توقع ہے، سمندری طوفان ایان کے اثرات سے نمٹنے کیلئے برطانوی حکام نے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں شرو ع کر دی ہیں،سفر کرنے والوں کو ڈرائیونگ میں مشکل حالات کی توقع کرنی چاہیے، مسٹر گنڈرسن نے کہا کہ انگلش چینل میں فیری سروسز میں کچھ خلل پڑ سکتا ہے ۔آر اے سی کے ترجمان روڈ ڈینس نے کہاکہ ایک طویل عرصے کے نسبتاً نرم موسم کے بعد ڈرائیورز کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ جب یہ موسمی نظام داخل ہو جائے تو وہ چوکس نہ ہوں،سڑکوں پر تیز بارش اور تیز ہوائیں ایک بہت ہی ناخوشگوار امتزاج ہیں اور ہم ڈرائیورز کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ اپنی رفتار کم کریں اور اپنے اور سامنے والی گاڑی کے درمیان ایک بڑا فاصلہ چھوڑ دیں، رات کا موسم زیادہ تر خشک رہے گا جبکہ مغرب میں کچھ بارشیں ہوں گی جبکہ ہلکی سے تیز مغربی ہوائیں مقامی طور پر تیز ہوں گی۔ اس طرح کے حالات کی پیش گوئی پیر کے لیے کی گئی ہے۔