• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فلمساز ساجد خان کا کیریئر کیسے تباہ ہوا؟

ساجد خان، فائل فوٹو
ساجد خان، فائل فوٹو

بھارتی فلمساز ساجد خان نے ہفتے کے روز مشہور بھارتی ریئلٹی شو بگ باس  کے سیزن 16 کے گرینڈ پریمیئر میں بطور کنٹیسٹنٹ شامل ہوکر سب کو حیران کردیا۔

ساجد خان 2018ء میں می ٹو مہم کے دوران جنسی ہراسانی کے الزامات عائد ہونے کے بعد سے میڈیا سے دور ہیں۔

سلونی چوپڑا، ریچل وائٹ اور مندنا کریمی سمیت کچھ اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ ایک صحافی کرشمہ اُپادھیائے نے ساجد خان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے، جس کے بعد انہیں انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک سال کے لیے معطل کردیا تھا۔

یہی نہیں ساجد خان کو فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی ٹیم سے بھی نکال دیا گیا تھا، اور اس فلم کی ہدایتکاری کی ذمہ داری فرہاد سمجی نے سنبھالی تھی۔

اب، کافی عرصے کے بعد ساجد خان نے ریئلٹی شو میں اپنے کیریئر کے زوال کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے میری کامیابی اور تکبر نے تباہ کیا‘۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ ’بھارتی انڈسٹری کے بڑے اداکاروں جیسے اکشے کمار، اجے دیوگن، جان ابراہم، متھن دا (چکرابورتی)، چنٹو جی (رشی کپور)، ڈبو جی (رندھیر کپور)، رتیش دیش مکھ اور سیف علی خان کی فلموں کی ہدایتکاری کرنے بعد وہ ذرا مغرور ہو گئے تھے کیونکہ ان کی فلمیں اچھی چل رہی تھیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ ایک مشہور کہاوت ہے کہ ناکامیاں لوگوں کو تباہ کر دیتی ہیں لیکن میرے کیس میں یہ صورتحال اس کہاوت کے برعکس ہے کیونکہ مجھے کامیابی نے تباہ کیا‘۔

 ساجد خان کا کہنا تھا کہ جب ’میں نے ایک کے بعد ایک ہٹ فلمیں دیں تو مجھے یہ لگنے لگا کہ اب میں کبھی کوئی خراب فلم نہیں بنا سکتا لیکن حقیقت اس وقت سامنے آئی جب میری 2013ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہمت والا‘ اور 2014ء کی رومینٹک کامیڈی فلم ’ہمشکلز‘ باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی‘۔

اُنہوں نے 2019ء کی فلم (ہاؤس فل 4) کے ڈائریکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے پر کہا کہ ’فلم (ہمشکلز) کے باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد، میں نے خود کو میڈیا سے دور کرلیا اور فلم (ہاؤس فل 4) لکھنا شروع کی اور فلم کی آدھی ہدایتکاری بھی کی لیکن پھر جنسی ہراسانی کے الزامات عائد ہونے کے بعد مجھے فلم کی ٹیم سے نکال دیا گیا  اور فلم کا کریڈٹ بھی مجھ سے چھین لیا گیا‘۔ 

اُنہوں نے کہا کہ’اس وقت میں نے محسوس کیا کہ یہ سب خدا کا مجھے بتانے کا طریقہ ہے کہ مجھےایک اچھا انسان بننا ہے‘۔


انٹرٹینمنٹ سے مزید