اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم نوازشریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی، اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے 12 ربیع الاول کے موقع پراپنے پیغامات میں سرکارِ دوعالم رحمت اللعالمین خاتم النبیین حضرت محمد ؐکی آمدکےبابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کی ہے،صدرعلوی نے کہاہےکہ حضورؐ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوا کی نوید ہے، آپکی بعثت سے حق وباطل کا فرق واضح ہوگیا جہالت کے اندھیروں کی بساط لپٹ گئی، کفر وشرک کی رسومات ملیا میٹ ہوگئیں، ظلم وستم کی چکی میں پسنے والے غلاموں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوئی اور عدل وانصاف کا دور دورہ ہوا،حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبینؐ نے انسانوں کو انسانوں کی غلامی سےنجات دلائی اور انکو اپنے حقیقی مالک ورازق کے سامنے سر بسجود ہونے کا خو گربنایا ہمیں حضورؐ کی تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا کیونکہ آپؐ کی سیرت طیبہ ہی عالم انسانیت اور دنیا کی فلاح وکامیابی کی ضامن ہے۔ وزیر اعطم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جس ماہتابِ نبوت کا انسانیت صدیوں سے انتظار کر رہی تھی کہ وہ طلوع ہو اور اپنی ضیاء پاشیوں سے جہالت، ظلم، بربریت، استحصال کے گھٹاٹوپ اندھیروں کو دور کرے، اس سالارِ نبوت کی تشریف آوری 12 ربیع الاول کو ہوئی، آپؐ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ، بے سہاروں کو سہارا، یتیموں اور بیواؤں کو پناہ ، غریبوں کو خوداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی ، آپ ؐ کے اثر انگیز ارشادات اور اسوء حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے اور غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گئی،اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے حبیب مکرمؐ کی کامل اتباع و اطاعت نصیب فرمائے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دعا کی ہے کہ اللہ اس بابرکت دن کی فضلیت وسعادت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منوراور روشن کر دے اور وطن عزیز کو اپنی رحمتوں سے مالا مال کر دے، 12 ربیع ا لا ول کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن کا درجہ رکھتا ہے، اخوت اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کیلئے اسوہ حسنہ رسولؐ کی پیروی ناگریز ہے۔ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے کہاہے کہ اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،حضور اکرمؐ تمام بنی نوع انسان کیلئے رحمت العالمین بن کر آئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حضورؐ کی زندگی تمام کائنات کیلئے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، حضور ؐ کی آمد تمام انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر انسانیت کے عالی درجات پر فائز کیا ، آپ ؐ کی سیرت تمام انسانیت کیلئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے\ وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ امت مسلمہ کیلئے خوشی کا پیغام ہے، نبی پاکؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم بطور امت اپنے اندر اتحاد، یکجہتی اور یگانگت پیدا کریں اور تفرقہ اور تفریق کی بجائے وحدت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں،نبی آخر زماںؐ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے یہ محبت ہمارے لئے دنیا و آخرت میں نجات کی ضمانت ہے۔