تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایرانی طلبہ دشمن کے جھوٹے خوابوں کو پورا نہیں ہونے دیں گے ، ایران میں پولیس حراست کے دوران مہسا امینی نامی لڑکی کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ چوتھے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے ۔ پرتشدد مظاہروں میں اب تک درجنوں افراد جن میں بیشتر مظاہرین اور کچھ سکیورٹی اہلکار شامل ہیں ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر کی جامعات اور اسکولوں میں بھی مظاہرے شروع ہوگئے ہیں ۔ ایرانی صدرارتی دفتر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں صد ر رئیسی نے کہا کہ دشمن چاہتا تھا کہ وہ اپنے عزائم کو یونیورسٹی کے ذریعے سے پورا کرے گا تاہم انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ طلبہ اور پروفیسرز چوکنے ہوئے ہیں اور وہ دشمن کے خوابوں کو پورا نہیں ہونے دیں گے ۔ فرانس نے ایران میں اپنے تمام شہریوں کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے، اس بات پر زور دیا کہ وہ "جلد سے جلد ملک چھوڑ دیں۔" پیرس حکومت یہ بیان جاسوسی کے الزام میں ایران میں گرفتار ہونے والے دو فرانسیسی شہریوں کے "اعترافات جرم" کے ایک دن بعد آیا ہے۔ کینیڈا کی جانب سے ایرانی پاسداران انقلاب کے چوٹی کے رہنماؤں کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ ایران میں عورتوں کے ساتھ برتے جانے والے سلوک اور 2020 میں بین الاقوامی مسافر بردار طیارہ مار گرانے پر ایران پر مزید پابندیاں لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ڈپٹی وزیر اعظم کرسٹیا فریلینڈ نے ایک پریس کانفرنس میں ایرانی پاسداران انقلاب کی لیڈرشپ کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کی جانب سے ایران پر مزید سخت پابندیوں پر غور کیا جا رہا ہے۔