گورنر سندھ کامران ٹسوری نے کہا کہ پارٹی کے لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لیے پوری کوشش کروں گا۔
گورنر سندھ ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پہنچے، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کراچی میں امن و امان کی صورت حال کا نوٹس لیں گے۔
کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پر گورنر سندھ کامران ٹسوری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ جو کوٹا سسٹم سندھ میں نافذ ہے اس پر بھی پوری طرح عمل درآمد نہیں ہوتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر، ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کی بازیابی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہمیں یقین ہے گورنر سندھ دیہی اور شہری سندھ کی تفریق بھی دور کریں گے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹسوری نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ کارکنان کا اعتماد بحال کرسکوں، ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کے دفاتر کھلوانے میں کردار ادا کروں گا۔ پارٹی کے لاپتہ کارکنان کی بازیابی کے لیے پوری کوشش کروں گا۔
اس سے قبل جب گورنر سندھ ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز پر پہنچے تو پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا گیا۔
ایم کیوایم رہنماؤں اور کارکنان کی جانب سے گورنر سندھ کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔