• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’جوائے لینڈ‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا


عالمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ ‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا، فلم 18 نومبر کو پاکستان بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

جوائے لینڈ کے مصنف و ہدایت کار صائم صادق اور کھوسٹ فلمز نے سوشل میڈیا پر فلم کا پہلا ٹیزر شائقین کے ساتھ شیئر کیا۔

جاری کیے گئے ایک منٹ کے مختصر ٹیزر میں فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، اس میں فلم کی مکمل کاسٹ بھی نہیں دکھائی گئی تاہم ٹیزر میں خوشی اور غم کے مختلف جذبات سے بھر پور پاکستانی معاشرے اور اس کی دیگر روایات کو دکھایا گیا ہے۔

اس مختصر ٹیزر کو دیکھ کر شائقین فلم پُر امید ہیں کہ اس بار غیر ملکی فلم کا آسکر ایوارڈ پاکستان کو ہی ملے گا۔

کھوسٹ فلمز کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے اس ٹیزر کے ساتھ دیئے گئے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’جوائے لینڈ کی پہلی جھلک آپ کو پُرجوش اور جذباتی دنیا میں لے جائے گی جہاں آپ رانا خاندان کی کہانی کے ذریعے پدرشاہی معاشرے کی مشکلات اور پیچیدگیوں کی گہرائی میں کھو جائیں گے‘۔

فلم کی کاسٹ میں سرمد کھوسٹ، ثروت گیلانی، علینا خان، سہیل سمیر، سلمان پیر، ثانیہ سعید، کنول کھوسٹ، زویا احسن، ثنا جعفری اور قاسم عباس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

اس فلم کو پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے مختلف موضوع کی وجہ سے عالمی سطح پر کافی سراہا گیا اور اس کی ٹیم کو اعلیٰ ترین عالی ایوارڈ دیا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید