• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان برطانیہ سے دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں۔ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، سلامتی، دفاع، ثقافت اور عوامی سطح پر روابط سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینےکیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا اور دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد سے گفتگو کے دوران کہی جنہوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے مثبت انداز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت3.1 ارب پاؤنڈ تک پہنچ گئی ہے۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے میں 16لاکھ پاکستانیوں کے مثبت کردار کا خصوصی حوالہ دیا۔ لارڈ طارق احمد نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی وجہ سے انسانی جانوں کے ضیاع پر برطانوی حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب سے متعلق امدادی سرگرمیوں میں برطانیہ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان عالمی کاربن کے اخراج میں1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود، موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔ لارڈ طارق احمد نے وزیراعظم کو بتایا کہ برطانوی عوام اور پاکستانی تارکین وطن پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے امداد اور بحالی کی کوششوں میں بہت زیادہ مصروف ہیں۔ پاکستان میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کے لئے برطانیہ کی جانب سے وزیراعظم کو مسلسل مدد کا یقین دلاتے ہوئے لارڈ طارق احمد نے پاکستان کے لئے اضافی10 ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کیا، جس سے برطانیہ کی سیلاب سے متعلق امداد کی کل مقدار 26.5 ملین پاؤنڈ ہوگئی۔ وزیراعظم نے بھارت کے غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں طویل المدتی امن و استحکام کے حصول کے لئے اہم ہے۔

اہم خبریں سے مزید