• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاک بھارت کرکٹرز کی ملاقات کی ویڈیوز وائرل


بھارتی سیاست پاکستان اور بھارت کے درمیان فاصلے بڑھانے کے لیے جانے جاتے ہیں تاہم بھارتی کھلاڑیوں کو اس کے بالکل برعکس دیکھا جارہا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان نہ جانے کا بیان دیا تھا تاہم ان کے اپنے ہی کھلاڑی اس وقت پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہلا گلا اور دوستیوں میں مصروف ہیں۔

میدان میں حریف لیکن میدان کے باہر پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کی  دوستیاں دیکھ کر مداح بہت خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل دونوں ٹیموں کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بیٹرز نے ایک ساتھ پریکٹس کی۔

آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے ایک ساتھ نیٹ پریکٹس کی۔

پاک بھارت بیٹرز ہی نہیں دونوں ٹیموں کے بولرز کو بھی ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا گیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے بھی ایک دوسرے کے ساتھ تجربات شیئر کیے۔

پاک بھارت کرکٹرز کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہورہی ہیں۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فوٹوشوٹ کے موقع پر بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا تھا کہ پاکستانی کرکٹرز سے فیملی کی خیریت پوچھتے ہیں۔

پاک بھارت کرکٹرز کی خوشگوار موڈ میں ایک دوسرے سے ملاقات کی ویڈیوز کو دیکھ کر شائقین کی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے کو لے کر دلچسپی اور انتظار کی شدت  مزید بڑھ گئی ہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا 23 اکتوبر (اتوار) کو میلبرن میں شیڈول ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید