• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے 75 برس سے کشمیر پر غیرقانونی قبضہ کر رکھا ہے، رہنما تحریک کشمیر یورپ

برمنگھم (پ ر) کشمیر پر بھارت کی جارحیت اور غاصبانہ قبضےکے 75سال ہونے اور بھارتی فوج کی دہشت گردی، انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف تحریک کشمیر یورپ کے زیراہتمام ہفتہ سیاہ کشمیر منایا جائے گا۔ 27اکتوبر 1947کو بھارت نے کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کر کے کشمیریوں کی مرضی کے خلاف غیر قانونی قبضہ کیا، کشمیری عوام کے رد عمل کے نتیجے میں بھارت خود اقوام متحدہ میں گیا اور پوری دنیا کے سامنے وعدہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا قانونی اور جمہوری حق دے گا مگر بھارت نے ابھی تک اپنے وعدوں پر عمل درآمد نہیں کیا۔ تحریک کشمیر یورپ کے آن لائن اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم سیاہ کشمیر یورپ بھر میں منا کر کے بھارت کی ریاستی دہشت گردی ، بھارت کے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا، بھارت انسانیت کا دشمن قاتل ملک ہے کسی بھی معاہدے اور وعدے کی پاسداری نہیں کرتا، بھارت عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہے، خطے میں دو ایٹمی قوتوں کے درمیان مسئلہ کشمیر کا پرامن اور دیرپا حل کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اشد ضروری ہے۔ اجلاس سے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ27اکتوبر کا دن تحریک آزادی میں بڑی اہمیت کا حامل ہے، بھارت لاکھوں کشمیریوں کا قتل عام کر چکا ہے ،جیلوں میں قید کشمیری حریت قیادت کی لاشیں اور جنازے اٹھ رہے ہیں، حریت رہنما سید الطاف احمد شاہ کی شہادت بہت بڑا سانحہ ہے، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مسئلہ کشمیر پوری دنیا میں اجاگر ہو چکا ہے، اب مسئلہ کے حل کے عالمی برادری کو مداخلت کرنی ہوگی۔ اجلاس کی نظامت کے فرائض تحریک کشمیر یورپ کے جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب نے انجام دیئے۔ اجلاس سے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، اٹلی کے صدر چوہدری بابر وڑائچ، اسپین کے صدر شفیق تبسم، ڈنمارک کے صدر عدیل احمد آسی، جرمنی برلن کے صدر خالد محمود بٹ، ہمبرگ سے ریاض شاہد گھمن، شہزاد بٹ، خواجہ محمد سلیمان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

یورپ سے سے مزید