اولڈہم (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سجاد خان نے پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ اولڈہم برانچ کے آفس میں کشمیری وفود سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ بھارت نے 370آرٹیکل ختم کر کے کشمیر پرغاصبانہ قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے اور وہ کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔ بھارت ہندوئوں کو کشمیر کی قومیت دے رہا ہے یہ قابل قبول نہیں ہے، کشمیر کے لوگ اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں لیکن وہ کبھی بھارت کے ساتھ الحاق نہیں کر سکتے، بھارت کسی وقت سیکولر ملک تھا لیکن وہاں سے اب سیکو لر ازم ختم ہو گیا ہے اور اب وہ ایک متعصب ملک بن گیا ہے، بھارت میں اس وقت تمام اقلیتوں کو خطرہ ہے، انہوں نے کہا کہ مودی یہ سمجھتا ہے کہ اس طرح وہ دوسری قوموں کو دبا لے گا لیکن اس کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی کیلئے مدد کرتے رہیں گے ، اس سے ہم کسی بھی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، سجاد خان نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کی نااہلی تھی جس کی وجہ سے 370 اے ختم کر کے انڈیا نے اس تحریک کو ختم کرنا چاہا لیکن انشاء اللہ نئی حکومت معاملات کو بہتر کر لے تو وہ خارجہ پالیسی کے ساتھ اقوام متحدہ کو کشمیر کی مظلومیت کے بارے میں بتائے گی انہوں نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکیں، کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں اور اس پر اقتصادی، سماجی پابندیاں لگائیں۔