تہران (اے ایف پی) ایران نے امریکا پر الزام لگایا ہے کہ وہ مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی حمایت کرکے جوہری معاہدے کی بحالی کے لئے ہونے والے مذاکرات میں رعایت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان 2015کے جوہری معاہدے کی بحالی کے مذاکرات جاری ہیں۔ دوسری طرف ایران میں حجاب کی پابندی پر اخلاقی پولیس کے ہاتھوں 22 سالہ مہسا امینی کی موت کے بعد شدید احتجاج جاری ہے جس میں اب تک درجنوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ایرانی وزیرخارجہ حسین عامر عبدللحیان نے آرمینیا کے دورے پر کہا کہ امریکی ہم سے پیغامات کا تبادلہ کرتے رہتے ہیں تاہم یہ لوگ ایران میں حالیہ دنوں بھڑکنے والی آگ کے شعلوں کو ہوا دینے کی کوششوں میں مصروف ہیں، ان کا اشارہ ایران میں ہونے والے مظاہروں کی جانب تھا۔