کوئٹہ ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں گوالمنڈی ، انڈسٹریل اور سٹی پولیس تھانہ کی حدود میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آئی جی پولیس متعلقہ پولیس تھانوں کے افسران وعملے کی نااہلی و غیر ذمہ داری کا سختی سے نوٹس لیں اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ گوالمنڈی پولیس تھانے کی حدود شالدرہ ،حاجی غیبی روڈ ، کاسی روڈ ، کلی درانی ، اللہ ڈینہ روڈ ، مدرسہ روڈ ، ٹین ٹاؤن ودیگر ملحقہ سڑکوں ، گلیوں ،انڈسٹریل تھانے کی حدود ملک جان محمدکاسی روڈ ، زمان روڈ ، سرکی کلاں خالق آباد، اڈہ پشتون آبادودیگر علاقوں میں گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹر سائیکل ، نقدی ، موبائل چھیننے ، گاڑیوں کے شیشے ، بیٹریاں چوری کرنے اور دیگر ڈکیتیوں کی وارداتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جبکہ سٹی تھانے کے مختلف علاقوں بالخصوص گزشتہ دنوں فاطمہ جناح روڈ اور جناح روڈ پر ہونیوالی ڈکیتیاں ہوئیں جس میں شہری سے لاکھوں روپے چھین لئے گئے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا گیا نہ ہی ان سے نقدی ودیگر سامان وغیرہ برآمدکیا گیا ہے ۔ بیان میں آئی جی پولیس پر زور دیا گیا ہے کہ مذکورہ بالا تھانوں سمیت دیگر ضلع کوئٹہ کے دیگر پولیس تھانوں کے آفیسران وعملے کو پابند بنائیں کہ وہ شہر میں چوری وڈکیتی کی واداتوں میں ملوث عناصر کیخلاف جلد از جلد کارروائی کرتے ہوئے شہر کو جرائم پیشہ عناصر کا صفایا کریں ۔