کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاونڈیشن کے زیراہتمام گزشتہ دوماہ میں کوئٹہ میں 8سے9ہزار افراد میں راشن تقسیم اورصرف کوئٹہ میں چارمقامات پر خیمہ بستیوں میں دوسو سے زیادہ خاندان کو ہرقسم کی سہولت فراہم کی گئی ، بارہ سو رضا کار روز اول سے صوبہ بھر میں ریلیف ورک میں مصروف ہیں ،بلوچستان بھر میں اب تک پچاس کروڑ روپے کا ریلیف ورک کیا جاچکا ہے۔ یہ بات الخدمت فاونڈیشن کے مرکزی ڈائریکٹر نیشنل پروگرام ڈیزاسٹر مینجمنٹ آصف جمال ، الخدمت فاونڈیشن کے صوبائی جنرل سیکرٹری قمر ابراہیم ، جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر حافظ نورعلی ، الخدمت فاونڈیشن کوئٹہ کے صدرعبدالمجید سربازی ، عبداللہ خان کاکڑ نے اتوار کوالخدمت فاونڈیشن کے زیراہتمام ہمسائیہ ملک چین کے تعاون سے کوئٹہ کے مقامی و سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں سے آئے متاثرین میں سروے کے بعد ایک ہزار سیلاب سے متاثرہ خاندان کو راشن دینے کے سلسلے میں گورنمنٹ ڈگری کالج کوئٹہ کے گراونڈ پر میگا راشن کی تقریب سے خطاب میں کہی،تقریب میں متاثرہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار مرد و خواتین ، اقلیتی برادری کے متاثرین ، الخدمت فاونڈیشن ، جماعت اسلامی کے ذمہ داران ، رضا کاروں ، سماجی و سیاسی رہنماوں صحافیوں نے شرکت کی ،ایک ہزار متاثرین میں 45 لاکھ روپے مالیت کا راشن تقسیم کیا گیا ۔ مقررین نے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن نے بلوچستان بھر میں متاثرہ علاقوں میں بھرپور ریلیف ورک کیا زیادہ متاثرہ علاقوں میں خیمہ بستیاں ، فیلڈ اسپتال قائم کیے ، خیمہ بستیوں میں بچوں کیلئے درس و تدریس ، علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں ، متاثرین کو برتن ، جوتے ، کھانا ، پینے کا صاف پانی ، چائے ، بسکٹ ، خشک راشن و ناشتہ ، مچھروں سے بچاو کیلئے مچھر دانیاں بھی دے رہے ہیں ۔ متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ٹینٹ ، ترپال ، پینے کا صاف پانی ، فری میڈیکل کیمپس ، مفت ادویات ، ایمبولینس فراہم کررہے ہیں یہ سب علاقائی و قومی سطح پر مخیر حضرات کے تعاون سے ممکن ہوا ہے ۔ الخدمت فاونڈیشن کا ریلیف ورک شفاف ، دیانت داری و ایمانداری پر مبنی ہے امداد کی تقسیم میں متاثرین و مساکین کے عزت نفس ، خواتین کے پردے ، علاقائی ثقافت کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اسی وجہ سے الخدمت پر اعتماد کیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر متاثرین نے راشن کی فراہمی پر الخدمت فاونڈیشن و چینی عوام کا شکریہ ادا کیا ۔