• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران پر حملہ، وزیراعظم سمیت 3 کیخلاف مقدمے کی درخواست

لاہور(ایجنسیاں)تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف ‘وزیر داخلہ راناثناءاللہ اور خفیہ ایجنسی کے ایک سینئرافسر کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے‘ عمران خان کے ہدایت پر ان تینوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

 ایک ویڈیو پیغام میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ میں نے چند دن قبل عمران خان کو خطرات سے آگاہ کردیا تھا مگر انہوں نے کہا کہ ہم جس جہاد کیلئے نکلے ہیں ہمیں سب کچھ اللہ پر چھوڑ دینا چاہئے ۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اب سے تھوڑی دیر قبل عمران خان نے مجھے اور میاں اسلم اقبال کو بلایا اور کہا کہ میری طرف سے قوم کو یہ پیغام دو کہ میرے پاس پہلے سے معلومات تھیں اور تین لوگوں کے اوپر میرا یقین ہے جنہوں یہ سب کچھ کروایا ہے۔ اور یہ تین لوگ شہبازشریف، راناثنااللہ اورخفیہ ایجنسی کا ایک سینئر افسر ہے اور یہ میں معلومات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں

۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تینوں کو فی الفور اپنے عہدوں سے ہٹایا جائے اور اگر نہیں ہٹایا گیا تو ملک گیر احتجاج ہوگا جس وقت عمران خان نے کال دی یہ احتجاج شروع ہوجائے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ آج جو ظالمانہ اور قاتلانہ حملہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں پر کیا گیا اس سلسلے میں عمران خان کی ہدایت پر ان تینوں افراد کیخلاف مقدمہ درج کرائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید