کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملے میں اپنے دونوں بازو کھو دینے والے 9سالہ فلسطینی بچے کی دل دہلا دینے والی تصویر کو ورلڈ پریس فوٹو آف دی ایئر 2025قرار دیا گیا ہے۔ یہ تصویر امریکی اخبار دی نیویارک ٹائمز کے لیے غزہ کی فوٹو جرنلسٹ سمر ابو الؤف نے کھینچی تھی۔ تصویر میں محمود اجّور نامی بچے کو دکھایا گیا ہے جو اسرائیلی بمباری کے بعد شدید زخمی ہوا تھا۔ سمر ابو الؤف کے مطابق محمود کی ماں نے انہیں بتایا کہ جب محمود کو احساس ہوا کہ اس کے بازو نہیں رہیں گے تو اس نے پہلا جملہ یہ کہا کہ ’امی، اب میں آپ کو گلے کیسے لگاؤں گا؟‘ مارچ 2024 میں ہونے والے اسرائیلی حملے کے بعد محمود کو قطر کے دارالحکومت دوحہ منتقل کیا گیا تھا، فوٹوگرافر سمر ابو الؤف بھی خود غزہ سے تعلق رکھتی ہیں اور دسمبر 2023 میں دوحہ منتقل ہوئیں، اب وہ قطر میں مقیم شدید زخمی فلسطینیوں کی تصویریں بناتی ہیں۔ ورلڈ پریس فوٹو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمانہ الزین خوری نے اس تصویر کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ ایک ایسی خاموش تصویر ہے جو بہت کچھ کہہ رہی ہے۔ یہ ایک بچے کی کہانی بیان کرتی ہے لیکن درحقیقت یہ ایک ایسی جنگ کی داستان سنارہی ہے جو کئی نسلوں متاثر کرے گی۔