کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق نے کہا کہ معیشت سے متعلق اچھی خبریں آرہی ہیں لیکن کیا کرنٹ اکاؤنٹ کے اس تاریخی سرپلس سے حکومت کو سیاسی فائدہ ہوسکتا ہے؟ جواب میں تجزیہ کار ارشاد بھٹی، شہزاد اقبال، مظہر عباس اور محمل سرفراز نے کہا کہ معاشی ثمرات تبھی عوام تک پہنچیں گے جب روزگار میں اضافہ ہوگا، معیشت میں استحکام کے واضح اشارے مل رہے ہیں جو دو سال قبل ڈیفالٹ کے خدشات سے دوچار تھی ، بنیادی چیز یہ ہے کہ بہتر ہوتے معاشی اشاروں سے عوام کیا تاثر لے رہی ہے اور حکومت کتنا عوام تک اپنی کامیابیوں کو اجاگر کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور دوسری اہم چیز یہ ہے کہ جب تک عوام کو مائیکرو اکنامک لیول پر چیزیں نظر نہیں آئیں گی تب تک حکومت کو سیاسی فائدہ نہیں ملے گا۔ مہنگائی کی شرح میں کمی بجلی کی قیمتوں میں بہتری ترسیلات زر میں اضافہ مثبت تبدیلیوں کی علامت ہیں۔ وزیراعظم ہاؤس میں اب یہ سوال زیر غور ہے کہ کیا حکومت کو معاشی بہتری کے بعد ترقی کی طرف بڑھنا چاہیے تاکہ عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے۔