• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ادب و ثقافت کے تاریخی پس منظر کا حامل شہر لاہور عالمی سطح پر جو شہرت رکھتا ہے اس کا مرکزہ لاہور کا وہ قدیم شہر ہے جسے عرف عام میں اندرون شہر یا والڈ سٹی کے نام سے پکارا جاتا ہے جس میں داخلے کے بارہ دروازے اپنی اپنی تاریخی حیثیت کے حامل ہیں ان دروازوں کے اندر رہنے والے لوگوں ہی کو زندہ دلان لاہور کے نام سے یاد کیا جاتا ہے جو اپنی منفرد ثقافتی و تہذیبی شناخت رکھتے ہیں۔اسی اندرون شہر میں ادبی و ثقافتی و سماجی شعبے کی ایسی نمایاں شخصیات رہا کرتی تھیں جن کی وجہ سے لاہور کی عالمی سطح پر منفرد شناخت قائم ہوئی جن میں شاعر مشرق علامہ اقبال کا نام نامی کسی تعارف کا محتاج نہیں۔اسی لیے محکمہ بلدیات نے اس قدیمی لاہور کو اس کی اصلی صورت میں محفوظ رکھنے کیلئے دس ارب روپے کے میگا بجٹ کا جو ماسٹر پلان منظور کیا ہے اس میں ترجیحی بنیادوں پر بارہ دروازوں کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ ادبی و ثقافتی تاریخی شخصیات اور فنکاروں کے گھروں کوا سٹیٹ آف دی آرٹ کا درجہ دے کر محفوظ کیا جانا شامل ہے۔ محکمہ بلدیات نے پندرہ لاکھ کی آبادی پر مشتمل اس اصلی لاہور کے تاریخی تعلیمی اداروں، درسگاہوں، دو سو سے زائد بازاروں،مارکیٹوں و دیگر یادگاری عمارتوں کی تزئین و آرائش سے ان کی اصلی شکل و صورت میں بحالی کیلئے منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات کی شفافیت برقرار رکھنے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات لینے کا فیصلہ کیا ہے۔منصوبے پر لوکل گورنمنٹ،محکمہ ہاؤسنگ،ایل ڈی اے،لاہور اربن یونٹ،محکمہ فروغ سیاحت،آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ،محکمہ ماحولیات و باغبانی،و دیگر محکمے ایک خصوصی نظم کے دائرے میں رہ کر باہمی تعاون سے مل جل کر کام کرینگے۔ منصوبے کے تحت خصوصی فنڈز کے ذریعے پرانی عمارتوں و گھروں کی مرمت اور ان کی اصل حالت میں بحالی بھی ترجیحات میں شامل ہے جس کا مقصد لاہور شہر کے قدیم مراکز کو عالمی سیاحوں کیلئے پرکشش بنانا ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین