• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش، دو تارکینِ وطن ہلاک، 6 کو بچا لیا گیا

فرانسیسی حکام کے مطابق انگلش چینل عبور کرنے کی کوشش کے دوران دو تارکینِ وطن ہلاک ہوگئے جبکہ 6 کو ریسکیو کر لیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ بدھ کی صبح کیلے کے قریب تارکینِ وطن ایک چھوٹی کشتی میں سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے کشتی میں منتقل کیا، تاہم ان میں سے دو جانبر نہ ہو سکے، جبکہ ایک زخمی شخص کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فرانسیسی میری ٹائم حکام کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر ایک کشتی کو گریولین کے ساحل کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں تقریباً 30 تارکینِ وطن سوار ہونے کے منتظر تھے۔

واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا، جس کے لیے بحریہ کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی شخص سمندر میں رہ نہ گیا ہو۔

واقعے کے وقت ساحل پر کم از کم 12 فرانسیسی پولیس اہلکار موجود تھے۔

ادھر پناہ گزینوں کی فلاحی تنظیم Care4Calais کے چیف ایگزیکٹو اسٹیو اسمتھ نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد "مہلک سرحدی صورتحال" کا شکار ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب برطانیہ اور فرانس کے درمیان غیر قانونی طور پر چینل عبور کرنے کی کوششوں کو روکنے کے لیے جاری معاہدے میں دو ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ 

476 ملین پاؤنڈ مالیت کے اس معاہدے کے تحت اضافی گشت اور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جس پر برطانیہ کو مزید 16.2 ملین پاؤنڈ خرچ کرنا ہوں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تارکینِ وطن کی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکنے کے لیے اقدامات جاری رہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید