• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت 1947 سے اب تک لاکھوں کشمیریوں کو شہید کرچکا ہے، رہنما تحریک کشمیر

ناروے (پ ر) بھارت نے 75سال سے مسلمانوں کی نسل کشی شروع کر رکھی ہے، 6نومبر 1947 کو جموں میں چار لاکھ مسلمانوں کو شہیدکیا گیا ،سانحہ جموں میں بھارتی فوج اور دہشت گرد ہندوئوں نے مسلمانوں کا اس طرح قتل عام کیا کہ تاریخ میں اس طرح کی کوئی مثال نہیں ملتی، گذشتہ30برس میں ایک لاکھ مذید کشمیری بھارت کی دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، جنرل سیکرٹری میاں محمد طیب، سینئر نائب صدر محمود شریف ، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، ناروے کے صدر شاہ حسین کاظمی، جنرل سیکرٹری رفاقت علی نے یوم شہدائے جموں کے موقع پر تحریک کشمیر یورپ ناروے کے زیر اہتمام آن لائن سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے شہدا کی قربانیوں کا تسلسل ہے کہ آج مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی جدوجہد میں دس لاکھ بھارتی فوج کے خلاف برسرپیکار اور مشکل ترین حالات میں ڈٹے ہوئے ہیں اور بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں، کشمیریوں نے جس جرأت اور استقامت کے ساتھ جدو جہد کو جاری رکھا ہوا ہے بھارت اپنے تمام تر مظالم کے باوجود ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوا، بھارت کی ریاستی دہشت گردی پوری دنیا میں بے نقاب ہوچکی اور عالمی سطح پر سفارتی محاذ پر بھارت کی نام نہاد جمہوریت اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو دنیا کے ایوانوں میں اجاگر ہوچکے ہیں۔ سیمینار سے تحریک کشمیر یورپ ناروے کے سینئر نائب صدر حاجی افضال، نائب صدر راجہ مقبول حسین، ناہید اسلم، محمد صادق، ظہیر علی، انعام الحق، شاہد جمیل،عاطف اسلم اور دیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا اور شہداء جموں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام تحریک آزادی میں تنہا نہیں، دنیا بھر کے آزادی، جمہوریت اور انسانیت پسند عوام ان کے ساتھ ہیں۔ کشمیری آزادی کی منزل حاصل کر کے دم لیں گے۔
یورپ سے سے مزید