کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق منگل 15نومبر کو دنیا کی آبادی آٹھ ارب ہوگئی، اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق سب سے زیادہ کے لحاظ سے چین بھارت کو پیچھے چھوڑ دے گا، بھارت سن 2023 میں دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن جائے گا،اقوام متحدہ نے پیش گوئی کی ہے کہ سن 2050 تک عالمی آبادی میں ہونے والی مجموعی اضافے کا نصف سے زیادہ صرف آٹھ ملکوں تک مرکوز رہے گا۔ ان میں پاکستان، بھارت، کانگو، مصر، ایتھوپیا، نائجیریا، فلپائن اور تنزانیہ شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سن 2030 میں یہ بڑھ کر ساڑھے آٹھ ارب، سن 2050 میں 9.7 ارب اور سن 2100 میں 10.4 ارب ہوجائے گی۔اقوام متحدہ نے پیر کے روز عالمی یوم آبادی کی مناسبت سے سالانہ آبادی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں دنیا کی آبادی 8 ارب پہنچ جانے کو انسانی ترقی کی راہ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ سن 1950کے بعد سے عالمی آبادی اب تک کی اپنی سست ترین شرح سے آگے بڑھ رہی ہے، حتی کہ سن 2020 میں آبادی کی رفتارمیں ایک فیصد کی گراوٹ آ گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی آبادی کو سات ارب سے بڑھ کر آٹھ ارب ہونے میں 12 برس لگے اور اس کے نو ارب پہنچنے میں تقریباً 15 برس لگیں گے۔ یعنی سن 2037 تک دنیا کی آبادی نو ارب ہو گی، جو کہ عالمی آبادی میں سست رفتاری سے آگے بڑھنے کی علامت ہے۔