• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راستے بند کیے تو لوگ PTI والوں کو جوتے مارینگے: رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے اس بار راستے بند کیے تو وفاقی حکومت اپنا کام کرے گی، لوگ بھی انہیں جوتے ماریں گے۔

یہ بات وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے اپنی صدارت میں وزارتِ داخلہ میں پی ٹی آئی کے 26 نومبر کے لانگ مارچ کے حوالے سے امن و امان سے متعلق منعقدہ اجلاس میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی دھرنا دینا چاہتی ہے، دھرنا ضرور دیں لیکن لوگوں کو تکلیف نہ پہنچائیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمے داری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاق اور اس کی اکائیاں مل کر کسی بھی غیر آئینی اقدام کو روکنے کی پیش بندی کریں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیکریٹریز یقینی بنائیں کہ کوئی سرکاری ملازم وفاق پر چڑھائی کے کسی اقدام یا منصوبے کا حصہ نہ بنے۔

وزیرِ مملکت برائے داخلہ عبدالرحمٰن کانجو، وفاقی سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد اور سیکیورٹی ایجنسیز کے نمائندے اجلاس میں شریک ہوئے۔

خیبر پختون خوا کے آئی جی معظم جاہ اور چیف سیکریٹری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

شرکائے اجلاس نے وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کو پی ٹی آئی کے جلسے اور سیکیورٹی سے متعلق بریفنگ دی۔

شرکاء نے وفاق پر ممکنہ حملے کی صورت میں آئین اور قانون کی مکمل پاسداری کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

قومی خبریں سے مزید