• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ آصف لکشمی چوک لاہور میں کھانا کھا کر دکھائیں، فواد چوہدری کا چیلنج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کو چیلنج دے دیا۔

زمان پارک لاہورمیں میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں بنیادی شرط الیکشن تاریخ کا اعلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف جو مرضی کرلیں ان کی فیس سیونگ نہیں ہوسکتی، میں کہتا ہوں وزیر دفاع لاہور کے لکشمی چوک میں کھانا کھا کر دکھا دیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اشرافیہ ضد چھوڑے اور پاکستان میں الیکشن کرائے جائیں، شیری رحمان خود کونسلر کا الیکشن بھی نہیں لڑسکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ان کو کرانا پڑے گا، آرام سے کرالیں یا زبردستی، انتخابات میں ان کا تیا پانچا ہو جانا ہے۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں بنیادی شرط الیکشن تاریخ کا اعلان ہے، پوچھتا ہوں حکومت نے الیکشن ہی نہیں کرانے تو مذاکرات کیسے؟

انہوں نے کہا کہ روز کہتا کہ خطرہ ہے تو کیا رانا ثنااللہ چورن بیچنے بیٹھے ہیں، اگر آپ اتنے ہی ناکام ہیں تو استعفیٰ دیں اور اون کی دکان کھولیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام اداروں، عدالتوں اور سیاسی جماعتوں کا کنڈکٹ دیکھ رہی ہے، اشرافیہ ضد چھوڑے اور پاکستان میں الیکشن کرائے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گیلپ سروے کے مطابق پاکستان کے 63 فیصد عوام فوری الیکشن چاہتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ سارے لوگ عوام کے پیسوں پر سیاحت کے لیے نکلے ہوئے ہیں، نواز شریف کی فیملی اٹلی کی سیاحت پر نکلی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور کابینہ نے 40 سے 50 دنوں میں دنیا پھرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی صحت بہتر ہے، اُن کی ٹانگ پر بریسز لگادیا گیا ہے، وہ کل لاہور سے راولپنڈی پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آج بھی کہا ہے عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، پی ٹی آئی تمام خطرات کو پس پشت ڈال کر راولپنڈی پہنچیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان عوام کے حقوق کے لیے باہر نکلے ہیں، حقیقی آزادی کی جنگ منطقی انجام تک پہنچے گی، عمران خان راولپنڈی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید