• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میکسیکو کو شکست، ارجنٹائن کا ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کا امکان روشن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیونل میسی اور فرنانڈیس کی شاندار کارکردگی کی بدولت ارجنٹائن نے میکسیکو کوورلڈ کپ فٹ بال میں دو صفر سے شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے کے امکانات روشن کرلئے۔ اس گول کے ساتھ میسی نے ورلڈ کپ فٹ بال میں میرا ڈونا کےسب سےزیادہ آٹھ گول کرنےکا ریکارڈ بھی برابرکردیا۔ میرا ڈونا نے ارجنٹائن کی طرف سے ورلڈکپ کے 21 میچوں میں آٹھ گول کئےتھےجبکہ میسی نے بھی 21میچوں میں آٹھ گول کرکے ان کا ریکارڈ برابرکیا۔ لوسیل اسٹیڈیم میں گروپ سی میں ارجنٹائن اور میکسیکوکے درمیان میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابررہا۔ میچ کے 51ویں منٹ میں ڈی سے باہر ارجنٹائن کو فری ہٹ ملی ، میسی کی ہٹ گول پوسٹ کے اوپر سے ہوتی گزرگئی۔ 56 ویں منٹ میں ارجنٹائن کو گول کرنے کا ایک اورموقع ملا لیکن ضائع ہوگیا۔ بلاخر 64 ویں منٹ میں میسی نےٹاپ ڈی سے خوبصورت ہٹ لگاکر گیند جال میں پھینک دیا۔ اس کے بعد 87ویں منٹ میں فرنانڈیس نے شاندارگول کرکے برتری ڈبل کردی۔ گروپ سی میں پولینڈ کی ٹیم دو میچوں میں ایک کامیابی اور ایک میچ ڈرا کرنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے ۔ ارجنٹائن کی ٹیم ایک کامیابی اور ایک شکست کےبعد تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، سعودی عرب ایک کامیابی اور ایک شکست کے بعد تین پوائنٹس کےساتھ تیسرے ، میکسیکو نے ایک میچ برابر کھیلا ہے اور ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
اسپورٹس سے مزید