• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرین ملازمین کی ہڑتال سے کرسمس کی تقریبات تباہ ہوجائیں گی، پب مالکان

لندن (پی اے ) پب مالکان نے ٹرین کے ملازمین کی مجوزہ ہڑتال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین ملازمین کی ہڑتال سے کرسمس کی تقریبات تباہ ہوجائیں گی، پب چین فولر کے مالک سائمن ایمنی نے کہا کہ ٹرین ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اگر کرسمس کی تقریبات منسوخ کئے جانے کاسلسلہ شروع ہوگیا تو کرسمس کے موقع پر زیادہ ٹپ ملنے کے منتظر پب کے ملازمین بری طرح متاثر ہوں گے، انھوں نے آر ایم ٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ کرسمس کی تقریبات کو منسوخی سے بچانے اور پب کے کاروبار کو تباہ ہونے سے بچانے کیلئے ہڑتال کو منسوخ کردیں۔ریل ورکرز نے حالات کار بہتر بنانے ،ملازمت کے تحفظ اور تنخواہوں میں اضافے کے مطالبات منوانے کیلئے 13-14اور 16-17دسمبر اور 3-4اور 6-7کو48گھنٹے کی ہڑتال کرنے کا اعلان کررکھاہے ایمنی کا کہناہے کہ ہڑتال کے اس اعلان کی وجہ سے لوگ کرسمس کی تقریبات منسوخ کرسکتے ہیں جس سے ان کی تجارت کو بڑا دھچکہ لگے گا،انھوں نے کہا کہ گزشتہ 3سال کے دوران ہاسپٹلٹی کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا ہے اس لئے ہم سمجھ رہے تھے کہ کرسمس کے موقع پر اس نقصان کا کچھ ازالہ ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہاسپٹلٹی سیکٹر کے ملازمین بھی بری طرح متاثر ہوں گے کیونکہ کورونا کی وجہ سے ان کے کام کرنے کے گھنٹے کم ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ان کو ملنے والی ٹپ میں بھی کمی آگئی تھی،لیکن اگر ٹرین کی ہڑتال ہوگئی تو ان کو ٹپ ملنے کے امکانات بھی کم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پب اور ہوٹل چین میں اب تک کرسمس پارٹیوں اور لنچ کی بکنگ بالکل بہترین رہی ہے۔ یہ فرم، جس میں 5,000 سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں، اب تک صارفین کو بتاتی رہی ہے کہ اسے یقین ہے کہ ہڑتالیں منسوخ یا ملتوی کی جا سکتی ہیں۔ ایمنی نے کہا، "صرف اتنی دیر ہے کہ ہم منسوخی کے بارے میں ان انکوائریوں میں تاخیر کر سکتے ہیں اور واقعی ہمیں جس چیز کی ضرورت ہے وہ ایک تیز حل ہے - آخری لمحات میں کوئی قرارداد نہیں کیونکہ اس وقت تک لوگ اپنے منصوبے بدل چکے ہوں گے۔دوسری جانب RMT یونین نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ ہڑتال کی کارروائی سے واضح پیغام جائے گا کہ کارکن بہتر ڈیل چاہتے ہیں۔توقع کی جاتی ہے کہ پورے نیٹ ورک ریل اور ریل کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے آر ایم ٹی یونین کے40,000 ارکان ہڑتال میں حصہ لیں گے۔پب کے مالک چارلی بیکر نے بتایا کہ لندن میں ہیمر اسمتھ اور شور ڈچ میں ہڑتالوں کی وجہ سے تقریبات منسوخ کئے جانے کاسلسلہ شروع ہوچکاہے ،انھوں نے دعویٰ کیا کہ ہڑتال کے اعلان کے بعد سے 200,000 تقریبات منسوخ کی جاچکی ہیں ، عمومی طورپر کسٹمرز کو بہت افسوس ہے انھوں نے کہا کہ ابھی تک 150 افراد تک کی پارٹیاں منسوخ کی جارہی ہیں،اس سے کرسمس کا سیزن تباہ ہورہاہے اور ہم اس حوالے سے کچھ نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا کہ بڑی کمپنیوں کیلئے جنھوں نے ان پارٹیوں کی بکنگ کی ہے کیلئے اپنے ورکرز کو وہاں پہنچانا ناممکن ہوجائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ اخراجات زندگی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور ہمیں ریل ورکرز سے ہمدردی ہے لیکن یہ وقت ہمارے لئے بھی بہت سخت اور مشکل ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہاسپٹلٹی کے کاروبار سے متعلق تنظیم پہلے ہی متنبہ کرچکی ہے کہ اس ہڑتال سے اس سیکٹر کی فروخت کی آمدنی میں 1.5 بلین پونڈ کا نقصان ہوگا۔ یوکے ہاسپٹلٹی کے چیف ایگزیکٹو کیٹ نکولس نے وزیر ٹرانسپورٹ کو لکھا ہے کہ وہ ملازمین کے ساتھ سمجھوتہ کرنے میں ریل کمپنیوں کے مالکان کی مدد کریں۔انھوں نے کہا کہ اس سال ہونے والی ریلوں کی ہڑتال بہت وسیع تر اور تباہ کن تھیں لیکن ان کے مقابلے میں دسمبر میں ہونے والی مجوزہ ہڑتالیں زیادہ تباہ کن ہوں گی اور اس سے معاشرے کے مختلف حصے تباہ ہوجائیں گے اس لئے یہ ضروری ہے کہ حکومت تمام فریقوں کو میز پر لائے اور تنازعہ طے کرانے میں مدد دے۔پیر کو وزیر ٹرانسپورٹ مارک ہارپر نے آرایم ٹی یونین کے سربراہ مک لنچ کے نام خط میں حالیہ مذاکرات کا خیر مقدم کیاتھا ،انھوں نے لکھاتھا کہ میں یہ مسئلہ حل کرانے کیلئے نیک نیتی کے ساتھ آپ اور آجرین کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہوں۔انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس سے اتنی پیش رفت ہوگی کہ آپ ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیں گے انھوں نے لکھاکہ میں ریلوے کی ملازمتوں کو ملازمین کیلئے فائدہ مند ہوتے دیکھنا چاہتاہوں۔

یورپ سے سے مزید