• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ حکومت رجیم چینج کی وجہ سے آئی، مسائل کا حل فوری انتخابات ہیں، اعجاز الحق

مانچسٹر (غلام مصطفی مغل) سابق وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ ضیاء الحق گروپ کے سربراہ اعجاز الحق نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال خاص طور پر معیشت بہت مسائل کا شکار ہے معاشی بدحالی کی وجہ دورس پالیسی کا نہ ہونا ہے، موجودہ حکومت رجیم چینج کی وجہ سے آئی اور اس کا حل فوری انتخابات ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی نے استعفے دے دیئے ہیں تو حکومت کو چاہئے کہ الیکشن کرائے۔ انہوں نے کہا اگر سیاست دان استعمال کریں تو عدم اعتماد جمہوری حق ہے لیکن اگر کسی اور کہ کندھے پہ بیٹھ کہ کرسی پر قبضہ ہوجائےتو وہ جمہوری حق نہیں ہوتا بلکہ حکومت پر قبضہ کرنا ہوتا ہیں، انہوں نے کہا کہ میں برطانیہ آیا ہوں تو نواز شریف برطانیہ چھوڑ کر چلے گئے اگر وہ یہاں ہوتے تو شاید ملاقات ہو سکتی تھی، انہوں نے کہاایک چارٹر فار پاکستان ہونا چاہئے جس میں قومی مسائل پر ایک قومی پالیسی ہو جس پر تمام ادارے، حکومت اور اپوزیشن متفق ہوں۔ اعجاز الحق نے افواج پاکستان کے حوالے سے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم جس ادارے کو برا بھلا کہتے ہیں وہ ہی مشکل وقت میں کام آتا ہے، اگر آپ کسی ادارے کے خلاف بول رہے ہیں تو آپ دشمن کے آلہ کارہیں، اب ہم ففتھ جنریشن وار میں جا رہے ہیں جس میں دشمن اداروں کو متنازع بناتے ہیں جس سے عوام اور اداروں کے خلاف خلیج پیدا ہوتی ہے، اب ہمارا یہ حال ہے کہ جتنے منہ اتنی باتیں، موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھین کر بہت ظلم کیا ہے،اوورسیز کمیونٹی پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اگر یہ زرمبادلہ پاکستان نہ آئے تو پاکستان دیوالیہ ہو جائے گا، اب بھی اگر پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا ہوا ہے تو اس کی وجہ اوورسیز پاکستانی ہیں، ان کے حقوق دلانے کیلئے قانون سازی ہونی چاہئے۔ تقریب کا انعقاد چوہدری محمود خان،حاجی محمد انور نے کیا تھا،اس موقع پر بزنس مین چوہدری پرویز عالم، سالیسٹر عثمان ارشد،چوہدری ناصر محمود،آصف بٹ،سعید عبداللہ،نصراقبال،فخراقبال،عدیل چوہدری کے علاؤہ کمیونٹی رہنمائوں نے شرکت کی ۔دورہ برطانیہ کے دوران اعجاز الحق دیگر کاروبای شخصیات اور سیاسی و سماجی رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ اعجاز الحق کے تقریب میں پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا، اور انہیں پھول پیش کئے گئے۔
یورپ سے سے مزید