• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوتھے پانچویں دن یہ پچ بیٹسمینوں کی جنت نہیں رہے گی، امام الحق

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پنڈی ٹیسٹ کے سنچری میکر اور پاکستانی اوپنر امام الحق نے کہا ہے کہ چوتھے دن پہلا سیشن اہم ہوگا، گیند تھوڑا اسپین ہورہا ہے اور ہم ڈرا کے لئے نہیں سوچ رہے بلکہ کوشش کریں گے میچ کو اچھے طریقے سے ختم کریں۔2022میں میری ٹیسٹ میچوں میں کارکردگی میں اس لئے فرق نظر آرہا ہے کیوں کہ مجھے اب ٹیسٹ میں مواقع ملنا شروع ہوگئے ہیں۔اب پچ میں کچھ ٹرن ہے اور رویہ تبدیل دکھائی دے رہا ہے۔گیند بیٹھ بھی رہی ہے اور چوتھے پانچویں دن یہ پچ بیٹسمینوں کی جنت نہیں رہے گی۔ہم اس وقت حال کے بارے میں سوچ رہے ہیں مستقبل کی باتیں نہیں سوچ رہے ہوسکتا ہے کہ جیت کے لئے جائیں اور ڈرا کی جانب بھی جاسکتے ہیں۔ہفتے کو میچ کے بعد پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے جارحانہ فیلڈنگ اس لئے لی ہوئی تھی کیوں کہ وہ ساڑھے چھ سو رنز کا دفاع کررہے تھے جب ہم پانچ سو رنز کی طرف بڑھ رھے تھے تو انگلش کپتان نے فیلڈنگ پھیلا دی۔امام الحق نے کہا کہ ابھی بھی ٹیسٹ کے چھ سیشن باقی ہیں اور کھیل کسی بھی طرف جاسکتا ہے۔اگر انگلینڈ نے بڑی لیڈ لے لی تو ہم پر پریشر آئے گا لیکن سری لنکا اور آسٹریلیا کی سیریز میں ہم بائونس بیک کرچکے ہیں۔ابھی چوتھے دن کا سوچ رہے ہیں جو بھی صورتحال ملے گی اس کے مطابق کھیلیں گے۔امام الحق نے کہا کہ بابر اعظم کے ساتھ دوستی ہے اور ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہے اس لئے اس کے ساتھ کیمسٹری ملتی ہے۔عبداللہ شفیق زبردست کھیل رہے ہیں اور اس ٹیم میں ہرکوئی ایک دوسرے کو سپورٹ کرتا ہے۔عبداللہ کی کارکردگی دن بدن بہتر ہورہی ہے۔سنچری کے دوران ڈریسنگ روم کی جانب اشارے کے بارے میں امام الحق نے کہا کہ یہ ذاتی نوعیت کی بات ہے اس وقت نہیں بتاسکتا کچھ دن مزید انتظار کرلیں۔

اسپورٹس سے مزید