• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن کی تشکیل مکمل ہوچکی، فوزیہ شاہین

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن بلوچستان کی چیئرپرسن فوزیہ شاہین نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن کی تشکیل مکمل ہوچکی ہے، کمیشن کو کسی بھی شعبے میں حقوقِ نسواں کی خلاف ورزی پر انکوائری کا مکمل اختیار حاصل ہے ،حکومتی سطح پر قوانین اور پالیسوں میں خواتین کے حقوق کا جائزہ لینا اور ان کا تحفظ بھی کمیشن کی ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو صحافیوں کو بریفنگ میں کیا ، اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند ، کمیشن آن اسٹیٹس آف وومن کے ارکان محمد اشفاق مینگل ، شاہدہ حبیب علی زئی سمیت دیگر موجود تھے ۔فوزیہ شاہین نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو ان کے حقوق دلانے کے لئے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی طرز پر قانونی امور کی فوری انجام دہی کے لیے اختیارات صوبائی محتسب برائے انسداد ہراسگی کو تفویض کرنے کے لئے بلوچستان وومن پراپرٹیز ایکٹ جون سے قبل بلوچستان اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا جبکہ بلوچستان بھر کی مارکیٹ اسکوائر کمیٹیز میں خواتین کی شمولیت کے لئے بلوچستان مارکیٹ پروڈیوسر ایکٹ میں بھی ترامیم کی تجاویز پیش کی گئی ہیں تاکہ زرعی شعبے میں خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنایا جاسکے ،ہماری کوشش ہے کہ کریمنل جسٹس سسٹم میں خواتین کے فعال کردار کو نمایاں کیا جائے ، ترقیاتی منصوبہ بندی میں خواتین کے لئے وسائل مختص کرانا اور دیگر امور میں خواتین کی موثر نمائندگی کو یقینی بنانا بھی ہمارے مینڈیٹ میں شامل ہے ۔اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند نے کمیشن کی تشکیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نامساعد حالات میں صحافیوں نے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے ۔
کوئٹہ سے مزید