• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی آئی اے ڈائریکٹر کا ترک ہم منصب کو فون، شام میں آپریشن روکنے کا پیغام

دائیں طرف ترک انٹیلیجنس چیف ہاکن فدان جبکہ بائیں سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز۔
دائیں طرف ترک انٹیلیجنس چیف ہاکن فدان جبکہ بائیں سی آئی اے ڈائریکٹر ولیم برنز۔

سی آئی اے ڈائریکٹر برنز نے ترکیہ کی خفیہ ایجنسی کے سربراہ ہاکن فدان سے شام کے شمالی علاقوں میں بھاری اسلحے اور فضائی حملوں کی مخالفت کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سی آئی اے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے حملوں سے شام میں موجود امریکی فوجیوں کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

امریکی ذرائع کے مطابق ترکیہ کی انٹیلیجنس ڈرونز استعمال کرکے شمالی شام میں حملے کر رہی ہے۔

امریکا کو خدشہ ہے کہ ترک آپریشن سے زمینی کارروائیوں کا آغاز ہوسکتا ہے اور امریکی فوج سمیت کرد اتحادیوں کو خطرات لاحق ہوں گے، امریکا اور کرد شام میں داعش کے خلاف برسر پیکار ہیں۔

شمالی شام میں امریکا کے 900 فوجی اہلکار اور افسران موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر شامی دفاعی فوج کے اڈوں پر تعینات ہیں۔

امریکا نے اعلیٰ سطح پر رابطے کرکے ترکیہ کو آپریشن روکنے اور زمینی کارروائی کرنے سے منع کیا ہے۔

پچھلے ہفتے امریکی سیکرٹری دفاع لائڈ آسٹن اور چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل مارک ملی نے اپنے اپنے ترک ہم منصب سے بات کی تھی۔

خیال رہے کہ 13 نومبر کو استنبول میں ہولناک بم دھماکے کے بعد ترکیہ نے شام میں آپریشن شروع کر رکھا ہے۔

ترک حکومت کا دعویٰ ہے کہ شمالی شام میں موجود کرد باغی بم دھماکے میں ملوث تھے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید