• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی فون ایپ استعمال کرنیوالوں کیلئے بُلو ٹِک اکاؤنٹس کی فیس بڑھنے کا امکان

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

مائیکروبلاگنگ کی سائٹ ٹوئٹر کے چیف ایلون مسک مبینہ طور پر آئی فون استعمال کرنے والے تصدیق شدہ یا بُلو ٹِک اکاؤنٹس کی فیس بڑھانے پر غور کررہے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایسے صارفین جو بُلو ٹِک اکاؤنٹس کی آئی فون ایپ سے فیس کی ادائیگی کریں گے تو انہیں 8 ڈالرز کے بجائے 11 ڈالرز فیس ادا کرنا ہوگی۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کی وجہ آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم پر ایپس کے ذریعے صارفین کی کسی بھی قسم کی ادائیگی پر ایپل کی جانب سے کی جانے والی 30 فیصد کٹوتی ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایلون مسک نے تصدیق شدہ یا بُلو ٹِک اکاؤنٹس کے خواہشمند صارفین کے لیے 8 ڈالرز ماہانہ فیس وصول کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایلون مسک ٹوئٹر کے اختیارات حاصل کرتے ہی ٹوئٹر کی سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بلامعاوضہ ماہانہ ممبر شپ کا اقدام جعلی اکاؤنٹس اور ٹرول کو شکست دینے کا واحد طریقہ ہے۔

ایلون مسک نے اس حوالے سے وضاحتی ٹوئٹس کے ذریعے کمپنی کی ماضی کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوئٹر کی موجودہ پالیسی فرسودہ ہے، جس کے تحت بلیو ٹک اور عام صارفین کے درمیان تفریق پیدا کی گئی ہے۔


انہوں نے بتایا کہ مختلف ممالک کے لیے تصدیق شدہ اکاؤنٹس کی ماہانہ فیس ایڈجسٹ کی جائے گی تاکہ برابری کا تناسب برقرار رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فیس کی ادائیگی کے بعد جن صارفین کا بلو ٹک اکاؤنٹ ہوگا انہیں، جوابات، ٹیگنگ اور سرچ میں ترجیح دی جائے گی جس سے اسپام اور جعلی اکاؤنٹس کو شکست دینے میں مدد ملے گی۔ اس کے ساتھ ہی ان صارفین کو طویل ویڈیو اور آڈیو پوسٹ کرنے کی سہولت حاصل ہوگی اور اشتہارات بھی ملیں گے۔

ایلون مسک نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ ٹوئٹر پر نیلے کے علاوہ دیگر رنگوں کے ’ٹک‘ بھی متعارف کروائے جائیں گے۔

اُنہوں نےاپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ کمپنیز کے لیے سنہری رنگ کا چیک، حکومتوں کے لیے سرمئی، فرد واحد کے لیے نیلا نشان ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید