ماضی میں لینڈ اسکیپ ڈیزائن سوفٹ ویئرز صرف تعمیراتی شعبے سے وابستہ پروفیشنلز استعمال کرتے تھے۔ وہ ان سوفٹ ویئرز کی مدد سے ڈیزائن تیار کرکے اپنے کلائنٹس کو پیش کرتے تھے۔ تاہم اب کمپیوٹر ٹیکنالوجی عام ہونے کے بعد لینڈ اسکیپنگ سوفٹ ویئرز کا استعمال بتدریج عام ہورہا ہے اور لوگ کسی پروفیشنل کے پاس جانے کے بجائے خود ہی اپنا باغیچہ ڈیزائن کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ گھر وں میں سبزہ زار(Lawn) ہونے کے بے شمار فوائد ہوتے ہیں، تاہم اگر جگہ ہونے کے باوجود لان نہیں ہے تو اسے بنوانے کے بارے میں سوچنا چاہئے بلکہ اس پر عمل کر گزرنا چاہئے۔
لان کی آرائش ایک دلچسپ مشغلہ ہے، انگریزی میں اس مشغلے کو لینڈ اسکیپنگ کہتے ہیں اور اُردو میں ہم اسے باغیچہ یا سبزہ زار کی منصوبہ بندی کہہ سکتے ہیں۔ لیکن لینڈا سکیپنگ باغیچے سے زیادہ مقاصد پورے کرتی ہے کیونکہ باغیچہ صرف پھولوں کی کیاریوں اور گھاس کے سرسبز قطعوں کے لئے ہی استعمال کیا جاتا ہے جبکہ لینڈ اسکیپنگ یا جسے ہم لان اسکیپنگ بھی کہہ سکتے ہیں، اس میں پھل، پھول اور سبزیوں کے قطعے بنائے جاسکتے ہیں، ساتھ ہی بچوں کے کھیلنے، اُٹھنے بیٹھنے اور گھریلو کام کاج کے لئے بھی کھلی جگہ مہیا کی جاسکتی ہے اور دالان کا اس کی ملحقہ زمین سے خوشگوار تعلق قائم کیا جاسکتاہے۔
لہٰذا، لینڈ اسکیپنگ کی اسی خاصیت کے پیشِ نظر اگر آپ بھی اسے بنوانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ہم آپ کو کچھ نئے سوفٹ ویئرز سے روشناس کرواتے ہیں ، جن کی مدد سے آپ خود یا پھر کسی ماہر سے عمدہ لینڈ اسکیپنگ تخلیق کرواسکتے ہیں۔
اسمارٹ ڈرا (Smart Draw)
یہ ایک انتہائی آسان لینڈ اسکیپ ڈیزائننگ سوفٹ ویئر ہے جو آپ اپنے اسمارٹ فون کے ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اس میں ساری ٹیمپلیٹس پہلے سے تیار ہیں، آپ کو صرف اپنی ضرورت کی ٹیمپلیٹ کو ’’ڈریگ اینڈ ڈراپ‘‘ کرنا ہے۔ تاہم اس میں تھری ڈی گرافکس کی سہولت نہیں ہے۔
اسکیچ اَپ(SketchUp)
یہ آرکیٹیکٹس، ڈیزائنرز، بلڈرز اور انجینئرز کو ڈرافٹنگ، ماڈلنگ اور رینڈرنگ کے ٹولز فراہم کرتاہے تاکہ وہ اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنا سکیں۔ اسکیچ اَپ کے 3D انوائرنمنٹ میں کچھ بھی بنایا جاسکتا ہے۔ اس پر بنائی گئی فائلیں آپ CADپروجیکٹ مینجمنٹ کے ساتھ شیئر اور اشتراک بھی کرسکتے ہیں۔ لینڈ اسکیپ ڈیزائنرز اس سوفٹ ویئر میں اپنے ابتدائی ماڈلز کو مختلف زاویوں (Dimensions) اور فل ڈیزائن میں ڈھال سکتے ہیں۔
ویب برائوزر پر چلنے والا یہ پروگرام مفت دستیاب ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں کے لیے SketchUp for Schools بھی ایک مفت پروگرام ہے، جو G Suite for Education کے ذریعے ڈائون لوڈ کیا جاسکتاہے اور اس کی فائلیں گوگل ڈرائیو پر اسٹو ر کی جاسکتی ہیں۔ تاہم، اس کے SketchUp Proورژن کیلئے آپ کو ادائیگی کرنی ہوگی۔
پرو لینڈ اسکیپ ہوم(PRO Landscape Home)
یہ ایک ایسا ڈیزائننگ سوفٹ ویئر ہے جو آرکیٹیکٹس کے لئے فوٹو امیجنگ، CAD، تھری ڈی رینڈرنگ اور ڈارفٹنگ کی وہ تمام ضروریات پوری کرتاہے، جو انھیں لینڈ اسکیپ پروجیکٹ کی تیاری کیلئے درکار ہوتی ہیں۔ پر و لینڈ اسکیپ ایک لائٹ، نان کمرشل ورژن ہے جو گھروں کے مالکان کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ پرو لینڈ اسکیپ ایک موبائل ایپلی کیشن ہے جو تمام ایپل، اینڈرائڈ اور ایمازون ڈیوائسز پر چلتی ہے۔
اگرچہ پرو لینڈ اسکیپ کمپینئین ایک مفت ایپ ہے، لیکن یہ صرف ان لوگوں کیلئے مفت ہے جو پہلے ہی سے پروفیشنل لینڈاسکیپ ڈیزائن سوفٹ ویئر خرید چکے ہیں جبکہ دوسری طرف پرولینڈ اسکیپ ہوم تقریباً وہ تمام فیچرز کی پیشکش کرتی ہے، جو ایک پروفیشنل ورژ ن میں موجود ہوتے ہیں، سوائے ہارڈ اسکیپس کو ایڈٹ کرنے، کسٹمرز کے پروپوزلز کو تخلیق کرنے اور تھری ڈی فائلز بنانے کے۔
کر کیتھیا(Kerkythea)
یہ ایک مفت، اوپن سورس رینڈرنگ سوفٹ ویئر ہے، جو آرکیٹیکچرل ماڈلز اور السٹریشن کی فل اسٹیج ایپلی کشن فراہم کرتاہے۔ اسے اسکیچ اَپ کیلئے پاور فل پلگ اِن کے طور پر تیار کیا گیا تھا۔ کرکیتھیا کو پیشہ ورانہ آرکیٹکٹس اور تعلیمی ادارے استعمال کرسکتے ہیںاور اس کے لائسنس کیلئے صارفین کو پیسے بھی خرچ نہیں کرنے پڑتے۔
شو آف ڈاٹ کام (showoff.com)
ریئل اسٹیٹ مارکیٹ اور بلاگز کا امتزاج ہے، جہاں آپ کو ڈیزائننگ اور لے آئوٹ کے دلچسپ آئیڈیاز ملتے ہیں۔ یہ سائٹ ویژولائزر کے نام سے آپ کو آن لائن سروس بھی آفر کرتی ہے،جس سے آپ کو اپنے خوابوں کا گھر اور باغیچہ ڈیزائن کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ ویب سائٹ آپ کو مختلف مشوروں اور تجاویز سےبھی نوازتی ہے۔ یہ ایک مفت سوفٹ ویئر ایپلی کیشن ہے جو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلتی ہے۔
لینڈز ڈیزائن (Lands Design)
یہ ایک فری سوفٹ ویئر ہے، جو ہر90دن کے بعد ایک فری بیٹا ورژن ریلیز کرتاہے اور فیڈ بیک لے کر اس کے فیچرز کو اپڈیٹ اور غلطیوں کو درست کرتاہے۔ لینڈز ڈیزائن ایک تھری ڈی ماڈلنگ ٹول Rhinoکیلئے لینڈ اسکیپنگ ڈیزائننگ پلگ اِن ہے۔ لینڈز ڈیزائن کے ساتھ لینڈ اسکیپ ڈیزائنرز حقیقی تھری ڈی امیجز تخلیق کرسکتے ہیں، اپنےکلائنٹس کیلئے ورچوئل ٹورز سے لے کر فائنل لینڈ اسکیپ کی پریزنٹیشن دے سکتے ہیں اور پودوں، درختوں اور اربن فرنیچر کی بڑی بڑی لائبریریاں تخلیق کرسکتے ہیں۔
پلان اے گارڈن (Plan-a-Garden)
گھر اور گارڈن کی ڈیزائننگ اور پلاننگ کا ایک بہتر ٹول ہے۔ یہ گھروں کے مالکان اور خاص طور پر ان لوگوں کیلئے تیار کیاگیاہے، جو اپنے ہاتھوں سے سار ا کام خود کرنا چاہتے ہیں۔ پلان اے گارڈن کسی بھی پروفیشنل کنٹریکٹر کو ڈیزائن دینے سے پہلے آپ کے پلان کو ویژولائز کرنے اور ری ماڈلنگ کرنے میں مدد کرتا ہے۔