• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کے وکیل کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

وکیل نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے اعظم سواتی کو سندھ پولیس کے حوالے کر دیا ہے، ان کو خصوصی طیارے کے ذریعے سندھ منتقل کیا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے کوئٹہ سے سکھر پہنچا دیا۔

اعظم سواتی کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اعظم سواتی کو آج ہفتے کی صبح سندھ پولیس نے کوئٹہ پولیس سے تحویل میں لے لیا اور انہیں ہوائی راستے سے سکھر پہنچ گیا۔ 

ممکنہ طور پر اعظم سواتی کو آج مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس سے قبل بلوچستان پولیس نے کہا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو سندھ پولیس گرفتار کر کے کراچی روانہ ہو گئی، سندھ پولیس ان کو خصوصی طیارے کے ذریعے لے کر کوئٹہ سے روانہ ہوئی ہے۔

پولیس نے کہا کہ اعظم سواتی کو گزشتہ روز سندھ پولیس نے گرفتار کیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے دو روزہ راہداری ریمانڈ پر ملزم کو سندھ پولیس کے حوالے کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما قاسم خان سوری نے کہا کہ اعظم خان سواتی کو سندھ پولیس کے حوالے کر دیا گیا،بلوچستان ہائی کورٹ سے رہائی کے احکامات کے بعد سندھ حکومت کے حوالے کرنا افسوسناک ہے۔

واضح رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبے میں اعظم سواتی کے خلاف قائم پانچ ایف آئی آرز ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں آج رہا کرنے کاحکم دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید