• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ناصر اقبال اور زینب خان نے اسکواش ٹائٹل جیت لئے

پاکستان میں اسکواش کے کھیل کو پروان چڑھانے میں پاکستان نیوی نے ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا ، اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کراچی کے پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں پاک بحریہ کے زیر اہتمام کومبیکس پہلی سی این ایس آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے اسکواش کے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ 

پاکستان واپڈا کے ناصر اقبال نے خیبرپختونخواہ کے وقار محبوب کو شکست دیکر مردوں کاٹائٹل اپنے نام کیا ،خواتین فائنل میں پاکستان آرمی کی زینب خان نے ایس این جی پی ایل کی نور العین کو شکست دیکر ٹرافی جیتی فائنل مقابلہ 27 منٹ جاری رہا، ایونٹ میں مجموعی طور پر 54 میچز کھیلے گئے چیمپئین شپ کی انعامی رقم 15 لاکھ روپے تھی ایونٹ کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے فائنل جیتنے پر ناصر اقبال کو دولاکھ جبکہ رنرزاپ وقارمحبوب کو ایک لاکھ چالیس ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی زینب خان کو ایک لاکھ اور نورالعین کو ستر ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ 

اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اسکواش کے کھیل سے پاکستان نیوی کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پچھلی دودہائیوں سے چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن اسکواش چیمپئین شپ کا باقاعدہ انعقاد پاک بحریہ کی جانب سے ملک بھر میں اسکواش کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے آئندہ بھی پاک بحریہ کیجانب سے ہر سال باقاعدگی سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر اسکواش کے ایونٹس کرائے جائیں گے۔ 

ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ جہانگیر خان جیسے لیجنڈز کی مثال پر عمل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر ناقابل شکست بنیں اور اسکواش میں ماضی کی رونقیں بحال کریں، انہوں نے اسپانسرز کومبیکس اسپورٹس،جے ڈاٹ اور دیگر کو کھیلوں کی سرپرستی کرنے پر بھی مبارک باد دی، اس موقع پر اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان،کمانڈر کراچی،سی ای او کومبیکس اسپورٹس عمر سعید، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور توقیر احمد خواجہ، کمانڈنٹ پی این ایس جوہر، زبیرماچا، آرکے جے کے ہیڈ کوچ نوید عالم بھی موجود تھے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید