• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مقبوضہ کشمیر میں رائے شماری کی تیاریاں کر رہا ہے، محمد غالب

برمنگھم (پ ر) تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہےکہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کا ایجنڈا بڑا خطرناک ہے، حکومت پاکستان کی مسلسل خاموشی سے بھارتی عزائم کو تقویت مل رہی ہے۔ بھارت نے 370 اور35 اے ختم کر کے کشمیر ی مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کے لیے غیر کشمیری غیر مسلم انتہا پسند ہندو ؤں کو آباد کرنے کی سازشیں کر رہا ہے، موجودہ حکومت پاکستان اس کے خلاف مکمل خاموش ہے، کسی بھی سطح پر کوئی آواز بلند نہیں کی جارہی، پاکستان جس سیاسی اور سفارتی حمایت کا بار بار اعلان کر رہا ہے ،وہ بھی کہیں نظر نہیں آتی، انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی مدد اور حمایت کے بغیر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکتی، پاکستان کی کشمیر پالیسی کی وجہ سے کشمیریوں کے اندر تشویش پائی جاتی ہے، پاکستان کا سفارتی محاذ مکمل طور پر خاموش ہے، بھارت 43 لاکھ غیر کشمیری باشدوں کو ڈومیسائل دے چکا اور رائے شماری کی تیاریاں کر رہا ہے، اگر حکومت پاکستان کی یہی پالیسی رہی تو بھارت اپنے ناپاک عزائم اور مقاصد میں کامیاب ہوجائے گا۔ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ بھارت کے ان حربوں اور ہتھکنڈوں کو روکا جائے۔ محمد غالب نے کہا حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر پر ٹھوس پالیسی اختیار کرے، لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کی جدوجہد میں قربانیاں دی ہیں، گھر بار تباہ ہو گئے، عزتیں لٹ چکی ہیں، کشمیری پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔پاکستان جب تک کشمیر پر کوئی سنجیدہ پالیسی اختیار نہیں کرے گا، دنیا مسئلہ کشمیر پر کوئی توجہ نہیں دے گی، محض زبانی کلامی بیان بازی سے بھارت کو کوئی فرق نہیں پڑتا، مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کو پُرامن حل کے لیے مجبور کیا جاسکے۔
یورپ سے سے مزید