مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاپان میں آج کل باتھ روم موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
دراصل ٹوئٹر پر حال ہی میں جاپان میں موجود ایک میکڈونلڈ کے آؤٹ لیٹ کے باتھ روم سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
اس ویڈیو میں نظر آنے والے باتھ روم سِنک نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
دراصل ویڈیو میں جو سِنک نظر آرہا ہے اس کے اوپر ایک ایسا سسٹم لگا ہوا ہے، جس کی مدد سے نہ صرف لوگ اس سِنک پر اپنے ہاتھ دھو سکتے ہیں بلکہ اپنے اسمارٹ فون کی بھی دھلائی کرسکتے ہیں۔
اس ویڈیو پر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردِعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’بہتر یہ ہے کہ اورگینِک (ای ایل) ڈسپلے کے ٹرمینل کو (یو وی) سےمتعارف نہ کروایا جائے‘۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’اسمارٹ فونز کو جراثیم سے پاک کرنے کا خیال اچھا ہے‘۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایریزونا یونیورسٹی کے محققین کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ سیل فون کی اسکرینز ٹوائلٹ سیٹ سے 10 گنا زیادہ گندی ہوتی ہیں۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم اپنے سفر سے لے کر کھانے کی میز تک ہر جگہ سیل فون اپنے ساتھ لے رکھتے ہیں اور ہمارے ہاتھ ماحول میں بہت سی گندی چیزوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں، اس لیے ہمارے فون بھی گندے ہو جاتے ہیں۔