• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے گورنر کا بلایا گیا اجلاس غیر آئینی قرار دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر بلیغ الرحمان کی جانب سے کل بلایا گیا اجلاس غیر آئینی قرار دے دیا۔ 

اپنی رولنگ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 23 اکتوبر کی ریکوزیشن کے مطابق پہلے ہی چل رہا ہے، جب تک موجودہ سیشن ختم نہیں ہوتا، گورنر نیا اجلاس نہیں بلاسکتے، گورنر پنجاب کا بلایا گیا اجلاس غیر آئینی ہے۔

اسپیکر نے رولنگ دی کہ عدم اعتماد کی کارروائی صرف اسی مقصد کے لیے بلائے گئے خصوصی اجلاس میں ممکن ہے، خصوصی سیشن موجودہ سیشن ختم ہونے پر ہی بلایا جاسکتا ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ منظور وٹو کیس میں عدالت نے قرار دیا تھا کہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے لیے کم از کم 10 دن دیے جائیں۔

رولنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ رولز آف پروسیجر کے مطابق رواں سیشن میں وزیراعلیٰ کو اعتماد کے ووٹ کے لیے نہیں کہا جاسکتا۔

اسپیکر نے رولنگ دی کہ رولز کے مطابق گورنر کا وزیراعلیٰ پنجاب کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہنا آئین کے مطابق نہیں، گورنر کی ہدایت پر عملدرآمد ممکن نہیں، اس لیے اسے مسترد کیا جاتا ہے۔ 

واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے آئین کے آرٹیکل 130 (7) کے تحت رولنگ جاری کی۔

قومی خبریں سے مزید