• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں گندم قیمت کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، 4450ر وپے من

اسلام آباد (رپورٹ/ حنیف خالد) پاکستان میں گندم کی قیمت آل ٹائم ریکارڈ ہو گئی۔ پیر کو ملک بھر میں چالیس کلو گرام گندم کی قیمت چوالیس سو پچاس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ سندھ‘ پنجاب‘ بلوچستان‘ خیبر پختونخوا میں پندرہ کلو پرائیویٹ آٹے کی قیمت جو بارہ تیرہ سو روپے ہوا کرتی تھی‘ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے ممبر ملک تنویر اعوان کے مطابق ایکس ملز قیمت انیس سو روپے کی نفسیاتی حد عبور کر گئی ہے جبکہ بازار میں صارفین کیلئے پندرہ کلو کا پرائیویٹ آٹا تھیلا انیس سو پچاس روپے کر دیا گیا۔ محکمہ خوراک کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومت سندھ کی طرف سے 15جنوری تک نئے گندم کے سٹاکس کی یقین دہانی کرائی گئی اور اسکے بعد مارکیٹ کو کھلا چھوڑ دیا گیا۔ سندھ کی فلور ملوں نے پنجاب کی فلور ملوں کی طرح جنوبی پنجاب سے گندم کی تیزی سے خریداری شروع کر دی جس کے نتیجے میں 26دسمبر کو پنجاب کی گندم کے نرخ بیالیس سو روپے سے بڑھ کر 4450روپے تک چلے گئے ہیں۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو اور پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے سابق چیئرمین عاطف ندیم مرزا نے گندم کی قیمت چوالیس سو پچاس روپے فی چالیس کلو گرام تک ہونے کی ذمہ داری حکومت پنجاب پر ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ دنوں ہفتوں کی بجائے کئی مہینوں سے یہ درخواست وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور محکمہ خوراک پنجاب کے سیکرٹری اور ڈائریکٹر سے کرتے چلے آ رہے ہیں کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھا کر پچیس ہزار ٹن یومیہ کیا جائےمگر دو مہینے کی آہ و بقاء کے بعد گزشتہ ہفتے پنجاب میں ایک ہزار سے زائد فلور ملوں کا کوٹہ 21ہزار ٹن یومیہ کیا گیا جبکہ ایک سال قبل انہی دنوں میں گندم کا سرکاری کوٹہ 23ہزار ٹن یومیہ تھا جو نومبر 2021ء سے 23ہزار ٹن دیا جا رہا تھا۔
اہم خبریں سے مزید