• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوادر ‘صحافی کی گرفتاری‘بی یو جے کے حکومتی شخصیات سے رابطے

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان یونین جرنلسٹس کے رہنماؤں کے گوادر میں صحافی کی گرفتاری کے حوالے سے صوبائی حکومت اور پولیس حکام سے رابطے ، صوبائی وزیر داخلہ نے صحافی حاجی عبیداللہ کی رہائی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ہے ، بی یو جے کے جنرل سیکرٹری کے جاری بیان کے مطابق بی یو جے کے صدر عرفان سعید اور جنرل سیکرٹری منظور احمد نے گوادر میں صحافی حاجی عبیداللہ کی گرفتاری کے حوالے سے حکومتی شخصیات سے رابطے کئے ہیں ، بی یو جے صدر نے گوادر کی مقامی انتظامیہ اور گوادر سے منتخب رکن اسمبلی میر حمل کلمتی سے رابطہ کرکے صحافی کی گرفتاری اور 16 ایم پی او کے تحت جیل بھیجنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا جس پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو سے بی یو جے کے جنرل سیکرٹری منظور احمد نے فون پر بات چیت میں صحافی اور گوادر پریس کلب کے سابق عہدیدار حاجی عبیداللہ کی گرفتاری اور تربت جیل منتقل کرنے کے معاملے پر تفصیلی بات چیت میں تشویش کا اظہار کیا ۔ میر ضیا لانگو نے گرفتار صحافی کی رہائی کے حوالے سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ، ہمیشہ کی طرح اب بھی ہرممکن تعاون کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے گوادر دھرنے کے موقع پر ہونے والی رپورٹنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا سے گزارش ہے کہ صورتحال کی سنگینی کا تقاضہ ہے کہ صحافی غیرجانبدار اور ذمہ دارانہ صحافت کریں تاکہ امن کے قیام اور حالات کو معمول پر لایا جاسکے ۔ قبل ازیں پی ایف یو جے کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار نے بھی آئی جی بلوچستان پولیس سے رابطہ کرکے معاملے پر تفصیلی بات چیت کی ۔ درایں اثنا بی یو جے کے صدر و جنرل سیکرٹری نے کہا کہ بی یو جے آزادی صحافت اور قانون اور آئین پر عملدرآمد پر یقین رکھتی ہے ، کوئی صحافی کسی جرم میں ملوث ہو تو قوانین موجود ہیں تاہم گوادر میں حاجی عبیداللہ کی گرفتاری سے صحافی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے انہیں فوری رہا کیا جائے۔