• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی یو جے کی کوششیں، گوادر میں گرفتار صحافی کو رہاکر دیا گیا

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی کوششیں کامیاب گوادر میں گرفتار صحافی حاجی عبیداللہ کو تربت جیل سے رہا کردیا گیا۔صحافی کی رہائی پر بی یو جے قیادت نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو آئی جی پولیس سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم کا شکریہ ادا کیا ہے،تفصیلات کے مطابق گوادر میں چار روز قبل 3 اور 16 ایم پی او کے تحت گرفتار ہونے والے تربت جیل میں قید صحافی حاجی عبیداللہ کو بی یو جے قیادت کی مسلسل کوششوں کے بعد صوبائی وزیر داخلہ کے احکامات پر تربت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔ بی یو جے کے صدر عرفان سعید ، جنرل سیکرٹری منظور احمد نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے اور بی یو جے کی قیادت نے صحافی عبید اللہ کی گرفتاری پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے رہائی کیلئے ٹھوس کوششیں شروع کیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم آئی جی پولیس بلوچستان شیخ عبد الخالق اور گوادر انتظامیہ سے مسلسل رابطے اور بات چیت کے بعد صحافی کی رہائی عمل میں آئی ہے جو باعث اطمینان و مسرت ہے۔ بی یو جےصدر اور جنرل سیکرٹری نے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو آئی جی بلوچستان پولیس سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم اور دیگر اعلیٰ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی یو جے قیادت کے رابطےکرنے پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو کی جانب سے فوری اور مثبت ردعمل آیا ہے،اس دوران وہ بی یو جے قیادت سے مسلسل رابطے میں رہے۔جس پر ان کے مشکور ہیں بی یو جے قیادت صحافی کی رہائی میں بھرپور تعاون اور رہائی کے احکامات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اس سے اچھا تاثر جائے گا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے ہمیشہ صوبے بھر میں آزادانہ صحافت کے لئے جدوجہد کی ہے ۔ آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ بی یو جے کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کی رپورٹنگ اور خبروں سے متعلق اگر حکومت یا کسی محکمے کو کوئی شکایات ہے تو اس کے لئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس اور پی ایف یو جے جیسی صحافتی تنظیموں کے فورم موجود ہیں۔ خبر کی بنیاد پر کسی صحافی کے خلاف کارروائی مناسب عمل نہیں۔ بی یو جے قیادت نے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کا اقدام دوبارہ نہیں دہرایا جائیگا۔ دریں اثنا حاجی عبیداللہ کے اہل خانہ اور گوادر پریس کلب کے عہدیداروں و صحافیوں نے فون کرکے حاجی عبیداللہ کی رہائی کیلئے کوششوں پر بی یو جے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری منظور احمد اور پی ایف یو جے کے سابق صدر شہزادہ ذوالفقار کا شکریہ ادا کیا ہے۔