سبز چائے کی مقبولیت دنیا بھر میں ہے، کوئی اسے ہاضمے کے لیے تو کوئی ذائقے کی وجہ سے پسند کرتا ہے جبکہ بیشتر افراد اسے وزن کم کرنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔
قہوہ یا چائے کی مختلف اقسام ہیں، اگر صحت کے حوالے سے بات کی جائے تو سبز چائے کے گنے چنے فوائد ہی ہم واقفت رکھتے ہیں تاہم اس کئی دیگر فوائد بھی ہیں، جن کے بارے میں درج ذیل ہیں۔
ماہرین کے مطابق سبز چائے موٹاپا کم کرنے کے عمل میں جسم کو میٹابولک ایکشن کے ذریعے سہولت فراہم کرتی ہے۔
ہر انسان کے موٹاپے کی نوعیت مختلف ہوتی ہے لیکن سبز چائے ہر کسی کو فائدہ پہچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
سبز چائے میں موجود کیفین جسم کی کارگردگی بڑھاتی ہے۔
ماہرین طب کے مطابق سبز چائے میں ایک ایسا مرکب دریافت ہوا ہے، جو خون کی رگوں اور شریانوں میں چربی جمع ہونے کے باعث پیدا ہونے والی تنگی اور سختی کو دور کرکے ہمارے دل کی حفاظت کرتا ہے اور اس کا مسلسل استعمال دل کے دورے اور فالج کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
ماہرین نے ایک مشترکہ تحقیق کے بعد کہا ہے کہ سبز چائے کے خشک پتوں میں ایک پیچیدہ کیمیکل ’ایپی گیلوکیٹیچن تھری گیلیٹ‘ پایا جاتا ہے۔
سائنسدانوں نے تجربہ گاہ میں ثابت کیا ہے کہ یہ مرکب ایک خاص پروٹین پر اثر انداز ہوتا ہے، جس کا نام ایپولائپو پروٹین اے ون ہے۔
دانتوں کیلئے مفید
سبز چائے میں بیکٹیریا کو ختم کرنے کی خاصیت پائی جاتی ہے۔ اسی لیے اسے دانتوں کی صحت کے لئے بھی موزوں سمجھا جا تا ہے۔
سبز چائے کو چینی کے بغیر پینے کی کوشش کریں تاکہ اس کا دانتوں پر اثر نہ ہو۔
مختلف تحقیقات سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ سبز چائے دماغ کے خلیوں کی حفاظت کرتی ہے اور انہیں بے کار ہونے سے بچاتی ہے۔
سبز چائے بڑھتی عمر میں یادداشت اور الزائمر جیسی بیماریوں سے بچنے اور پارکنسز جیسی بیماری کے خطرات کو کافی حد تک روکنے میں مدد کرتی ہے۔ اگر بہت زیادہ ٹینشن ہو تو سبزچائے پینے سے سکون ملتا ہے۔
ایک تحقیق میں سبز چائے اور کینسر کی روک تھام کے حوالے سے مثبت نتائج سامنے آئے۔
محققین کے مطابق سبز چائے میں موجود پولیفینولز نامی جزو کینسر کے خلیات کو مارنے اور ان کی پیش قدمی کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ایک اور تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ سبز چائے استعمال کرنے والی خواتین میں علاج کے بعد بریسٹ کینسر کے لوٹنے کا امکان کم ہوتا ہے، جبکہ ایک اور امریکی تحقیق میں اسے آنتوں کے کینسر کا خطرہ 30 فیصد تک کم کرنے کے لیے بہترین بتایا گیا۔
سبز چائے خون میں خراب کولیسٹرول کو کم کرتی ہے جبکہ صحت کے لیے ضروری کولیسٹرول کی سطح کو بڑھاتی ہے۔
یاد رہے کہ ہائی کولیسٹرول فالج اور دل کے دورے کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔
بدہضمی سے ہونے والی گیس اور سردرد کے لیے سبز چائے میں الائچی ڈال کر پینے سے افاقہ ہوتا ہے۔
الائچی معدے میں موجود لعابی جھلی کو مضبوط بناتی ہے، اس لیے یہ تیزابیت کے لیے مفید ہے۔
ماہرین کے مطابق سبز چائے انجائنا اور ذیابطیس ٹائپ ٹو کو کنٹرول کرتی ہے۔
اگر آپ پابندی سے سبز چائے پیتے رہیں تو خون میں شوگر کے اضافے کو بھی کنٹرول کرسکتے ہیں۔
امراض قلب کی روک تھام کے سلسلے میں سبز چائے میں موجود اجزاء خون کی شریانوں میں کولیسٹرول میں اضافے کے خلاف ایک مستحکم اور مضبوط دفاعی نظام فراہم کرتے ہیں۔
سبز چائے فلیونوئڈز یعنی نباتاتی کیمیکلز سے بھرپور ہوتی ہے جو سوجن سے تحفظ دیتے ہیں۔
الرجیز کا سامنا ہونے پر روزانہ کچھ کپ اس مشروب کے استعمال سے ناک کے اندرونی حصے کی سوجن میں کمی آسکتی ہے، جو الرجی سے تحفظ کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے۔
سبز چائے کو اپنے روزانہ کے معمولات میں شامل کرکے جلد ہی آپ اپنی صحت میں بہتری لاسکتے ہیں۔
سبز چائے کا ذائقہ شاید آپ کو تھوڑا سا کڑوا لگ سکتا ہے، جس کے لیے آپ اس میں لیموں یا شہد شامل کرلیں۔