بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک کو دورہ یارکشائر کے لیے جہاز کے استعمال پر تنقید کا سامنا ہے جبکہ ڈاؤننگ سٹریٹ نے رشی سوناک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے وقت کا سب سےمؤثر استعمال تھا۔گرین پارٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اقدام ٹیکس دہندگان اورآب وہوا کےلئے غیرضروری قیمت ہے۔ وزیر اعظم نے ویسٹ یارکشائر کے ایک ہیلتھ کیئر سنٹر کا سفر کرنے کے لیے RAF کا چھوٹاطیارہ استعمال کیا جو شاہی خاندان کے زیر استعمال ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کو مغربی لندن میں RAF نارتھولٹ سے لیڈز بریڈ فورڈ ایئرپورٹ تک چھوٹے طیارے میں پیر کی صبح ویسٹ یارکشائر کے ہیلتھ کیئرسنٹر کا دورہ کرنے کے لیے 36 منٹ کا سفر کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ فلائٹ ٹریکر کے اعداد و شمارکے مطابق ڈاؤننگ سٹریٹ نے وزیراعظم کی ایک تصویر پوسٹ کی جب وہ صبح 7 بج کر 47 منٹ پر سورجنکلنے سے پہلے ہوائی جہاز میں سوار ہو رہے تھے، اس کے بعد وہ صبح 8.23 پر لیڈز میں اترے جہاز ساڑھےتین گھنٹے بعد دن 12.25 پر واپس نارتھولٹ پر اترا، یہ طیارہ فرانسیسی ساختہ Dassault Falcon 900 ٹرائی جیٹ ہے جو RAF کی ملکیت ہے اور شاہی خاندان کے زیر استعمال ہے، یہ انہیں گذشتہ سال فراہم کیاگیا تھا، اس کی دم یونین کے جھنڈے سے مزین ہے اور اس کے باڈی پر کنگ چارلس کی شاہی مہر کے ساتھ ساتھ RAF کا لوگو بھی ہے۔ برطانوی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم کوٹرین سفیر کرنے سے دو گھنٹے22 منٹ لگتے ،لیکن انھوں نے جہازکااستعمال کیاکیونکہ یہ "ان کے وقت کا سب سے مؤثر استعمال" تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اپنے شیڈول اور وقت کی مناسبت کے لحاظ سے جو ٹرانسپورٹ لیتے ہیں وہ مختلف ہوتی ہے اور ہمیشہ وقت کے سب سے زیادہ موثر استعمال کے مفادات کے ساتھ کی جاتی ہے، جس سے وہ پورے برطانیہ میں کہیں بھی جانے کے قابل ہو جاتے ہیں جب ان کے وقت پر بہت زیادہ دباؤ ہوتا ہے۔ گرین پارٹی نےکہا کہ مسٹر رشی سوناک کا لیڈز کے لیے پرواز "ٹیکس دہندگان اور آب و ہوا دونوں کے لیے ایک غیر ضروری قیمت" ہے۔ گرین پارٹی کے شریک رہنما ایڈرین رمسے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اندازے کےمطابق پرائیویٹ جیٹ طیارے تجارتی پروازوں کے مقابلے میں پانچ سے 14 گنا زیادہ اور ٹرین سے 50 گنازیادہ فضائی آلودگی پھیلاتے ہیں جب ایک بہت سستا اور بہت کم نقصان دہ آپشن دستیاب ہوتوقدامت پسند وزرا کے لیے پرائیویٹ جیٹ کے ذریعے اتنے کم فاصلے کے سفر کرنا مکمل طور پر ناقابل دفاع ہے۔لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے کہا کہ رشی سوناک کے اسراف کے اس شو سے اہل خانہ بجا طور پرناراض ہوں گے، ہمارے NHS میں بحران کے دوران مریض اور عملہ اس حکومت سے کارروائی کے لئے پکار رہےہیں جب کہ وزیر اعظم تصویر لینے کے لئے لندن سے لیڈز کے لئے جیٹ کر رہے ہیں ۔وزیراعظم کو اس بارے میں واضح ہونا چاہئے کہ زندگی گزارنے کے بحران کے عروج پر تین گھنٹے کے اس 36 منٹ کے طیارے کے سفرمیں ٹیکس دہندگان کا کتنا پیسہ ضائع ہوا۔