• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں‘ گیس پریشر دم توڑ گیا

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت سمیت شمالی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں ،سائبرین ہواؤںکا راج، سرد موسم میں گیس کی عدم دستیابی، صارفین ٹھٹھرتے رہے۔سوئی گیس حکام پریشر کے ساتھ گیس کی فراہمی میں ناکام۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں شدید سرد موسم میں گیس پریشر نے دم توڑ دیا جبکہ اکثر علاقوں میں گیس غائب ہو گئی جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ سب سے بڑا حال بزرگوںاور بچوں کا ہے جبکہ خواتین کو بھی امور خانہ داری میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے جس کی وجہ سے ہوٹل مالکان کی چاندی ہوگئی ،ہوٹلوں میں رش جبکہ روٹی کیلئے تندوروں میں قطاریں لگی رہیں۔ ہسپتالوں میں بھی متبادل ایندھن کا کوئی انتظام نہیں ،دوسری جانب متبادل ذرائع ایندھن سوختنی لکڑی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی یکدم ہوشربا اضافہ کردیا گیا،گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری سراپا احتجاج ہیں اور گلی محلوں میں سوئی سدرن گیس کمپنی کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس پریشر میں کمی اوربندش کی وجہ سے عوام کو شدیدسرد موسم میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فی الفور کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں گیس پریشر بہتر بنا یا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا ۔
کوئٹہ سے مزید